لاہور (21 ستمبر 2025): پنجاب میں کچرا ٹھکانے لگانے کے جدید منصوبے کے تحت رنگ دار کوڑے دان استعمال کرنے کا حکم جاری کر دیا گیا۔
پہلے مرحلے میں ’اسمارٹ ویسٹ مینجمنٹ پراسیس‘ پنجاب بھر کے سرکاری و نجی تعلیمی اداروں میں نافذ کرنے کی منظوری دے دی گئی۔
صوبائی حکومت کی جانب سے جاری حکم نامے میں کہا گیا کہ سرکاری و نجی درس گاہوں میں پانچ رنگ کے کوڑے دان رکھے جائیں، سینئر وزیر موحولیات اینڈ کلائمٹ چینج مریم اورنگزیب منصوبے کی نگرانی کریں گی، وزیر تعلیم رانا سکندر حیات اور لوکل گورنمنٹ ذیشان ملک کو ٹارگٹس سونپ دیے گئے۔
حکم نامے کے مطابق 30 ستمبر تک تمام اسکولوں میں رنگوں والے کوڑے دان لگانے کی ڈیڈ لائن مقرر کی گئی ہے، یکم اکتوبر سے معائینہ شروع ہوگا اور کوڑے دان نہ رکھنے پر جرمانے ہوں گے۔

ماحولیاتی تحفظ کے ادارے نے باضابطہ نوٹیفیکیشن جاری کر دیا جس کے مطابق الگ الگ رنگ کے کچرے کے ڈبوں میں الگ الگ قسم کا ک کوڑا کرکٹ جمع کیا جائے گا۔
پیلے رنگ کے ڈبوں میں کاغذ اور ردی جمع کی جائے گی، سبز رنگ کے ڈبوں میں بوتلیں، کانچ کے ٹکڑے اور لیبارٹری میں استعمال ہونے والا ضائع شدہ سامان ڈالا جائے گا۔
سُرمئی (گرے) رنگ میں پھلوں کے چھلکے، ضائع شدہ کھانا، پتے اور گلی سڑی سبزیاں پھینکی جائیں گی، لال رنگ کے کچرے کے ڈبے لوہے اور دیگر دھاتی کوڑے کیلیے استعمال ہوں گے، نارنجی (اورنج) ڈبے پلاسٹک ویسٹ کیلیے استعمال کیے جائیں گے۔
ان اشیا کو دوبارہ استعمال کے قابل بنانے کیلیے استعمال کیا جائے گا۔ اس جدید طریقے کا مقصد کچرے کی مقدار میں کمی لانا اور ماحول دوست رویوں کو فروغ دینا ہے۔



