spot_img

ذات صلة

جمع

دریائے ستلج میں اونچے درجے کا سیلاب، وسیع پیمانے پر آبادی زد میں آگئی

بہاولنگر(6 ستمبر 2025): بہاولپور میں دریائے ستلج کا ریلا بپھرنے سے زمیندارہ بند ٹوٹ گئے اور پانی ملحقہ آبادیوں میں داخل ہونے سے کئی مکانات ڈھ گئے۔

تفصیلات کے مطابق دریائے ستلج میں سیلاب کی صورتحال برقرار ہے، بستی بھوکاں پتن اور بستی اللہ بخش کا حفاظتی بند ٹوٹ گیا جس کے بعد پانی بستی میں داخل ہوگیا جس سے وسیع پیمانے پر آبادی زد میں آگئی۔

دریائے ستلج میں اونچے درجے کا سیلاب ہے جس سے بہاولنگر ضلع کو ملک بھر سے ملانے والی مین شاہراہ اور رن وے زیر آب آنے کا خطرہ ہے، ہیڈ گنڈا سنگھ سے بھارت کی جانب سے نئے آنے والے ریلے میں تیزی ریکارڈ کی گئی ہے۔

ہیڈ سلیمانکی کے مقام پر پانی کا اخراج 1 لاکھ 32 ہزار کیوسک سے زائد ریکارڈ کیا گیا ہے، دریائے ستلج بابا فرید پل اور بھوکاں پتن پل کے نیچے بھی پانی کی سطح مسلسل بلند ہورہی ہے۔

دریائی بیلٹ سے ملحقہ 143 مواضعات متاثر، سیکڑوں بستیاں، آبادیاں ریلے کی لپیٹ میں آگئیں، دریائی بیلٹ سے ایک لاکھ 17 ہزار سے زائد افراد کی اپنی مدد آپ کے تحت نقل مکانی شروع کردی ہے، 65 ہزار سے زائد جانوروں کو بھی محفوظ مقامات پر منتقل کردیا گیا ہے۔

سیلاب متاثرین کے لئے ضلعی انتظامیہ نے 20 فلڈ ریلیف کیمپس اور خیمہ بستیاں قائم کردیں، متاثرین کو کھانا، طبی سہولیات، جانوروں کے لئے چارہ فراہم کیا جارہا ہے، ایک لاکھ10 ہزار ایکڑ سے زائد کھڑی فصلیں اور ہزاروں رہائشی مکانات ڈیرے پانی کی نذر ہوگئے۔

دریائی بیلٹ میں بجلی کا نظام معطل ہوگیا، ضلعی انتظامیہ نے دریائی ایریا کے 34 اسکولز کو غیر معینہ مدت تک بند کردیا گیا، پانی کے تیز بہاؤ سے درجنوں حفاظتی بندٹوٹ گئے، رابطہ سڑکیں سیلابی ریلے میں بہہ گئیں، درجنوں چکوک، بستیوں کے زمینی راستے منقطع ہوگئے جبکہ متاثرہ علاقوں میں کھانے  پینے کی اشیا، میڈیسن اور جانوروں کےلئے چارے کی قلت ہے۔

spot_imgspot_img