اسلام آباد (23 جون 2026): نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) نے سندھ میں رجسٹرڈ گاڑیوں کی خرید و فروخت کے حوالے سے شہریوں کی بڑی مشکل حل کردی۔
اس سلسلے میں نادرا نے بائیو میٹرک تصدیق کی سہولت فراہم کردی ہے، رجسٹرڈ گاڑیوں کی خرید و فروخت اور ملکیت کی منتقلی محمکہ ایکسائز و ٹیکسیشن سندھ کی جانب سے لازمی قرار دی گئی ہے۔
اس سلسلے میں نادرا دفاتر یا ای سہولت سینٹر سے رجسٹرڈ گاڑیوں کے خریدنے اور فروخت کرنے والے کی بائیو میٹرک تصدیق کی جاسکتی ہے اور یہ کام گھر بیٹھے نادرا کی پاک آئی ڈی ایپ کے ذریعے بھی کرکے ٹرانسفر کی مزید کارروائی مکمل کر سکتے ہیں۔
بائیو میٹرک کی تصدیق کے بعد اسٹامپ پیپر پر تحریری معاہدہ تیار کیا جائے گا جس میں دونوں فریقین کے دستخط ہوں گے، جس کے بعد سوک سینٹر کراچی جاکر ٹوکن لیں اور درخواست فارم جمع کروائیں۔
درخواست کے ساتھ اصل رجسٹریشن بک، اسمارٹ کارڈ اور فریقین کے شناختی کارڈ کی کاپی اور تصاویر اور دیگر کاغذات منسلک کریں۔
گاڑی منتقلی کی مقررہ فیس اور ٹوکن ٹیکس آن لائن یا ایکسائز آفس میں جمع کروائی جاسکتی ہے، موٹر سائیکل کی ٹرانسفر فیس 605 روپے جبکہ 800 سے ایک ہزار سی سی کی گاڑی کی فیس 2ہزار روپے ہے۔
درخواست کی وصولی کے بعد باقاعدہ رسید جاری کی جائے گی، اور بعد ازاں تصدیق 5 سے 15 ورکنگ دنوں میں نیا اسمارٹ رجسٹریشن کارڈ خریدار کے نام پر جاری کر دیا جائے گا۔



