دنیا کی مقبول ترین میسجنگ ایپلی کیشن واٹس ایپ میں اینڈرائیڈ صارفین کے لیے چیٹ بیک اپس اور ٹریکنگ پورٹل 2 نئے فیچرز متعارف کرائے جا رہے ہیں۔
واٹس ایپ کا نیا فیچر زیرِ آزمائش ہے جس سے چیٹ بیک اپس کا انتظام مزید آسان ہو جائے گا، اب گوگل ڈرائیو کی اسٹوریج بھر جانے کی پریشانی بھی ختم ہوجائے گی۔
Wabetainfo کی رپورٹ کے مطابق واٹس ایپ میں ٹریکنگ پورٹل اور منیجنگ چیٹ بیک اپس نامی فیچرز کی آزمائش ’بیٹا ورژن‘ میں کی جا رہی ہے۔
نئے فیچر کی آزمائش کا مقصد چیٹ بیک اپس کو بہتر انداز میں منظم کرنا اور اسٹوریج کے استعمال پر زیادہ کنٹرول فراہم کرنا ہے۔
رپورٹس کے مطابق یہ نیا فیچر ان صارفین کے لیے خاص طور پر فائدہ مند ثابت ہو سکتا ہے جنہیں واٹس ایپ بیک اپس کی وجہ سے گوگل ڈرائیو کی اسٹوریج ختم ہونے کا سامنا رہتا ہے۔
واٹس ایپ ایک ایسے نئے سیکشن پر کام کر رہی ہے جس کے ذریعے صارفین اپنے پرانے بیک اپس کو آسانی سے دیکھ اور منظم کر سکیں گے، اس فیچر سے غیر ضروری بیک اپس حذف کرکے اسٹوریج خالی کرنا مزید آسان ہوجائے گا۔
دوسری جانب گوگل ڈرائیو بھی اس منصوبے کا حصہ بن رہا ہے اور اینڈرائیڈ سسٹم سیٹنگز میں بیک اپ مینجمنٹ کے لیے ایک مخصوص سیکشن شامل کرنے پر کام جاری ہے۔
رپورٹس کے مطابق واٹس ایپ اپنی پہلی کلاؤڈ بیک اپ سروس بھی تیار کر رہی ہے جو مستقبل میں گوگل ڈرائیو کے متبادل کے طور پر دستیاب ہو سکتی ہے۔
اس نئے نظام کے تحت صارفین کو یہ اختیار ملے گا کہ وہ اپنی چیٹس اور میڈیا کا بیک اپ گوگل ڈرائیو میں محفوظ کریں یا واٹس ایپ کے اپنے کلاؤڈ سرورز پر منتقل کریں۔
اطلاعات کے مطابق واٹس ایپ اپنے صارفین کو تقریباً ٹو جی بی مفت کلاؤڈ اسٹوریج فراہم کر سکتی ہے، جبکہ اضافی اسٹوریج کے لیے 50 جی بی کا پریمیم پلان بھی متعارف کرائے جانے کا امکان ہے، جس کی ماہانہ فیس تقریباً 99 سینٹ رکھی جا سکتی ہے۔
واٹس ایپ کا کہنا ہے کہ اس کے کلاؤڈ سرورز پر محفوظ کیے جانے والے تمام بیک اپس ڈیفالٹ طور پر اینڈ ٹو اینڈ انکرپشن کے ذریعے محفوظ ہوں گے۔
صارفین اپنی بیک اپ فائلوں کو ’پاسکی‘ روایتی پاس ورڈ یا 64 ہندسوں پر مشتمل انکرپشن کلید کے ذریعے بھی مزید محفوظ بنا سکیں گے۔
یہ معلومات واٹس ایپ کے اینڈرائیڈ بیٹا ورژن 2.26.24.4 میں سامنے آئی ہیں، جہاں نئے بیک اپ مینجمنٹ سیکشن کے آثار دیکھے گئے ہیں۔
اگرچہ یہ فیچر ابھی ترقی کے مرحلے میں ہے، تاہم ماہرین کے مطابق اس سے صارفین کو اپنی چیٹ ہسٹری اور اسٹوریج کے انتظام میں نمایاں سہولت ملے گی۔
ٹیکنالوجی ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر واٹس ایپ اپنی کلاؤڈ بیک اپ سروس کامیابی سے متعارف کرا دیتی ہے تو یہ صارفین کے لیے بیک اپ محفوظ رکھنے کے مزید اختیارات فراہم کرے گی اور گوگل ڈرائیو پر انحصار بھی کم ہو سکتا ہے۔



