بوسٹن : فیفا ورلڈ کپ 2026 میں ناروے کے اسٹار فٹبالر ارلنگ ہالینڈ کی جانب سے عراق کیخلاف کیے گئے دو گولوں پر شائقین نے بھرپور جشن منایا۔
ناروے اور عراق کے درمیان کھیلے جانے والے اس میچ میں تماشائیوں نے اس انداز سے جشن منایا کہ جس سے مبینہ طور پر زمین میں ارتعاش پیدا ہوگیا۔
ناروے نے گزشتہ روز کھیلے گئے فیفا ورلڈ کپ کے میچ میں عراق کو 1-4 سے شکست دی، جس میں باروے کے اسٹار فٹبالر ارلنگ ہالینڈ نے پہلے ہاف میں دو گول اسکور کیے۔
پہلا گول 29ویں منٹ میں ہوا، جو 1998 کے بعد ورلڈ کپ میں ناروے کا پہلا گول بھی تھا۔ اس موقع پر تماشائیوں نے کھل کر خوشی کا اظہار کیا جس کی شدت ملک کے حساس زلزلہ پیما آلات نے بھی محسوس کی۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹ کے مطابق ناروے کے زلزلہ پیما ادارے ’نارسر‘ نے انکشاف کیا ہے کہ ارلنگ ہالینڈ کی جانب سے کیے جانے والے گولوں کے وقت ساحلی شہر برگن میں نصب زلزلہ پیما مرکز نے واضح زمینی ارتعاشات ریکارڈ کیے۔
ادارے کے مطابق بدھ کی شب برگن کے اسٹیشن پر ایسے سگنلز ریکارڈ ہوئے جو ورلڈ کپ میچ کے دوران شائقین کے شدید جوش و خروش سے مطابقت رکھتے تھے، سب سے زیادہ ارتعاشات ان لمحات میں محسوس کیے گئے جب ہالینڈ نے اپنے دونوں گول اسکور کیے۔
زلزلہ شناس ادارے کے ترجمان کا کہنا ہے کہ بڑی تعداد میں افراد جب بیک وقت کسی اہم کھیل کے لمحے پر خوشی کا اظہار کرتے ہیں، اچھلتے کودتے ہیں یا زور دار نعرے لگاتے ہیں تو ان کی اجتماعی حرکتیں زمین میں معمولی ارتعاش پیدا کرسکتی ہیں، جنہیں جدید اور حساس سیسمومیٹرز ریکارڈ کرلیتے ہیں۔
ادارے نے واضح کیا کہ عراق کے خلاف میچ میں کوئی حقیقی زلزلہ نہیں آیا، تاہم ناروے کے شائقین کی بھرپور خوشی اور جشن نے زلزلہ پیمائش کے آلات کو معمول سے زیادہ متحرک ضرور کردیا۔



