لندن : برطانیہ کے بادشاہ چارلس سوم کی سرکاری سالگرہ کے موقع پر روایتی اور شاندار ’ٹروپنگ دی کلر‘ تقریب کا انعقاد کیا گیا، شاہی خاندان کی جھلک دیکھنے کے لیے ہزاروں افراد سڑکوں پر جمع ہوگئے۔
تقریبات کا آغاز بکنگھم پیلس سے ہونے والی روایتی فوجی پریڈ سے ہوا، بادشاہ چارلس سوم اور ملکہ بگھی میں سوار ہو کر دی مال کے راستے ’ہارس گارڈ پریڈ‘ پہنچے، جہاں مرکزی تقریب منعقد ہوئی۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق بکنگھم پیلس کے سامنے شاہراہ پر یونین جیک کے پرچم لہرا دیے گئے، بادشاہ کا شاہی جلوس محل سے برآمد ہوا۔
رپورٹ کے مطابق ہارس گارڈ پریڈ میں وزیراعظم سر کیئر اسٹامر اپنی اہلیہ کے ہمراہ شریک ہوئے، بادشاہ کی باضابطہ سالگرہ منانے کا سلسلہ 260 سال سے جاری ہے۔
تقریب میں کیتھرین، پرنس آف ویلز بھی اپنے تین بچوں کے ہمراہ شریک ہوئیں، جبکہ Sophie, ڈچس آف ایڈنبرا بگھی کے ذریعے تقریب میں پہنچیں۔
سالگرہ کی تقریبات کا اختتام برطانوی فضائیہ کے مشہور ریڈ ایروز کے فضائی مظاہرے پر ہوا، جسے شاہی خاندان نے بکنگھم پیلس کی بالکونی سے دیکھا۔ فضائی مظاہرے نے تقریب کو یادگار بنا دیا اور حاضرین نے بھرپور جوش و خروش کا اظہار کیا۔
واضح رہے کہ “ٹروپنگ دی کلر” برطانوی شاہی روایات کا ایک اہم حصہ ہے، جو ہر سال بادشاہ یا ملکہ کی سرکاری سالگرہ کے موقع پر منعقد کیا جاتا ہے۔



