گھر میں دہی سے مکھن تیار کرنا ایک پرانا اور روایتی طریقہ ہے، تاہم اکثر خواتین اس بات کی شکایت کرتی ہیں کہ ان سے گھر کا مکھن بازار جیسا سفید، نرم اور دانے دار نہیں بن پاتا۔
کئی بار اس عمل میں زیادہ وقت اور محنت بھی درکار ہوتی ہے لیکن اب ایک آسان اور مؤثر طریقہ سامنے آیا ہے جس سے منٹوں میں بہترین مکھن تیار کیا جاسکتا ہے۔
سوشل میڈیا پر بھارتی خاتون شیف نے دہی سے مکھن نکالنے کی ایک نئی ترکیب شیئر کی ہے، جس میں برف والے ٹھنڈے پانی کا استعمال اہم کردار ادا کرتا ہے۔ ان کے مطابق درست درجہ حرارت اور مناسب طریقہ اپنانے سے مکھن جلد الگ ہوجاتا ہے اور اس کی ساخت بھی بہتر رہتی ہے۔
خاتون شیف کے مطابق اچھا اور زیادہ مقدار میں مکھن حاصل کرنے کے لیے گاڑھا اور ہلکا کھٹا دہی استعمال کرنا چاہیے۔ فریج میں رکھا ہوا ٹھنڈا دہی اس مقصد کے لیے زیادہ موزوں ہوتا ہے کیونکہ اس سے مکھن نرم ہونے کے بجائے بہتر انداز میں جم جاتا ہے۔
مکھن بنانے کے لیے دو سے تین کپ دہی ایک گہرے برتن میں ڈال کر ہینڈ وِسک، بلینڈر یا بڑے چمچ کی مدد سے ایک ہی سمت میں مسلسل پھینٹا جائے۔ چند منٹ بعد دہی کی ساخت ہلکی ہونا شروع ہوجاتی ہے۔
اسی دوران آہستہ آہستہ برف ملا ٹھنڈا پانی شامل کیا جائے۔ ٹھنڈا پانی دہی میں موجود چکنائی کو مضبوط کرکے اسے الگ کرنے میں مدد دیتا ہے، جس کے باعث مکھن اوپر آنا شروع ہوجاتا ہے۔ ماہرین کے مطابق گرم یا عام پانی استعمال کرنے سے مکھن کی ساخت متاثر ہوسکتی ہے۔
پھینٹنے کا عمل جاری رکھنے سے دہی کی سطح پر سفید دانے نمودار ہونے لگتے ہیں جو بعد میں بڑے گچھوں کی شکل اختیار کر لیتے ہیں۔ جب مکھن مکمل طور پر اوپر جمع ہوجائے اور نیچے صرف پانی باقی رہ جائے تو سمجھا جاتا ہے کہ عمل مکمل ہوگیا ہے۔
بعد ازاں مکھن کو احتیاط سے نکال کر ٹھنڈے پانی سے دو سے تین بار دھو لینا چاہیے۔ اس مرحلے سے مکھن میں موجود کھٹاس کم ہوجاتی ہے جبکہ اس کی تازگی اور محفوظ رکھنے کی مدت بھی بڑھ جاتی ہے۔ دھونے کے بعد مکھن زیادہ سفید، نرم اور تازہ دکھائی دیتا ہے۔



