تھرپارکر : اندرون سندھ کے شہر تھرپارکر میں اونٹنی پر تشدد کے دلخراش واقعے نے لوگوں کے دل دہلا دیے، بے رحم شخص نے اس کی آنکھیں نکال لیں۔
ملک میں بے زبان جانوروں پر تشدد کے دلخراش واقعات اکثر پیش آتے رہتے ہیں، اسی طرح اندرون سندھ کے مختلف شہروں میں اونٹ اور اونٹنیوں پر تشدد، ان کی ٹانگیں کاٹنے اور آنکھیں نکالنے جیسے افسوسناک واقعات رپورٹ ہوئے ہیں۔
ایک ایسا ہی واقعہ تھرپارکر کی تحصیل ڈاہلی میں پیش آیا جہاں یک بااثر شخص کی جانب سے اونٹنی پر بہیمانہ تشدد کرکے اس کی آنکھیں نکال کر چھوڑ دیا گیا تھا۔
بعد ازاں محکمہ لائیو اسٹاک کی ٹیم نے تشدد سے متاثرہ اونٹنی کے زخموں کا معائنہ کیا ڈائریکٹرجنرل لائیواسٹاک حزب اللہ بھٹو نے بتایا کہ تشدد کی وجہ سے اونٹنی کی دونوں آنکھیں ضائع ہوچکی ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ یہ دلخراش واقعہ تقریبا 15 روز قبل پیش آیا تھا، گزشتہ روز ہمیں اطلاع ملی، واقعے کی اطلاع ملنے پر ٹیم کو متاثرہ اونٹنی کے معائنے کیلئے تھر بھیجا۔
ڈی جی لائیو اسٹاک کا کہنا تھا کہ فی الحال لگتا ہے کہ اونٹنی کی دونوں آنکھوں کا علاج ممکن نہیں، اس کا زخم ٹھیک کرنے کی ہرممکن کوشش کررہے ہیں، مکمل رپورٹ آنے پر فیصلہ ہوگا کہ اونٹنی کو دوسری آنکھیں لگ سکتی ہیں یا نہیں۔
یاد رہے کہ کچھ روز قبل تھرپارکر کی تحصیل ڈاہلی کے ایک گاؤں میں بااثر افراد پر ایک اونٹنی پر مبینہ تشدد کرکے اس کی ایک آنکھ ضائع کرنے کا الزام عائد کیا گیا تھا۔
یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب اونٹنی مبینہ طور پر ان کے گھر میں گھس گئی تھی، واقعے کی ویڈیوز وائرل ہونے پر وزیراعلیٰ سندھ نے نوٹس لیتے ہوئے ڈی آئی جی میرپورخاص سے رپورٹ طلب کی تھی۔



