لاہور : پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی نے پبلک سیفٹی ایپ میں قوت گویائی اور سماعت سے محروم افراد کے لیے پولیس ہیلپ لائن 15 پر خصوصی ویڈیو کال فیچر کی سہولت فراہم کردی ہے۔
پی ایس سی اے نے شہریوں، خصوصاً گویائی اور سماعت سے محروم افراد کے لیے پبلک سیفٹی ایپ میں ویڈیو کال فیچر متعارف کرا دیا ہے، جس کے ذریعے وہ براہِ راست پولیس کنٹرول روم سے رابطہ کرسکیں گے۔
جاری کردہ آگاہی مہم کے مطابق یہ فیچر خصوصی طور پر قوت گویائی و سماعت سے محروم شہریوں کی سہولت کے لیے ڈیزائن کیا گیا ہے تاکہ وہ اشاروں کی زبان کے ذریعے تربیت یافتہ افسران سے مدد حاصل کرسکیں۔
ہدایات کے مطابق صارفین پہلے پبلک سیفٹی ایپ کھولیں، پھر “15 ویڈیو کال” بٹن پر ٹیپ کرکے فوری طور پر پولیس کنٹرول روم سے منسلک ہوسکتے ہیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ اس اقدام کا مقصد انصاقف اور مدد کے حصول میں رکاوٹیں ختم کرنا، مؤثر رابطے کو ممکن بنانا اور شہریوں کی حفاظت کو یقینی بنانا ہے۔
پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی کے مطابق یہ جدید سہولت شہریوں کو ہنگامی صورتحال میں فوری مدد فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ خصوصی افراد کے لیے آسان اور محفوظ رابطے کا ذریعہ ثابت ہوگی۔
واضح رہے کہ پبلک سیفٹی ایپ کا ویڈیو کال فیچر ایمرجنسی کے دوران شہریوں کو براہِ راست سیف سٹی سے منسلک کرتا ہے۔
اس جدید سہولت کے ذریعے آپ اپنی موجودہ صورتحال لائیو ویڈیو کی صورت میں متعلقہ حکام تک فوری پہنچا سکتے ہیں، جس سے بروقت کارروائی اور مؤثر مدد ممکن بنائی جاتی ہے۔
پبلک سیفٹی ایپ صرف ایک ٹیکنالوجی نہیں، بلکہ خصوصی افراد کے لیے ایمرجنسی میں فوری مدد، تحفظ کا یقین اور امید کی کرن ہے۔
اس ایپ کے ذریعے ایسے افراد براہِ راست پولیس اور ریسکیو اداروں کی خدمات حاصل کرسکتے ہیں تو بروقت مدد کے حصول کیلئے ابھی پبلک سیفٹی ایپ انسٹال کریں۔



