سابق ٹیسٹ کرکٹر باسط علی کا کہنا ہے کہ یونس خان وہ بندہ ہے جو پاکستانی کھلاڑیوں کو سیدھا کرسکتا ہے۔
بنگلادیش سے ٹیسٹ سیریز میں وائٹ واش کے بعد سابق کرکٹر باسط علی نے کہا کہ یونس خان وہ واحد شخص ہے جو پاکستان کی کرکٹ بہتر اور کھلاڑیوں کو سیدھا کرسکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ سیدھے سے مراد میری یہ ہے کہ کھلاڑیوں کو لگام لگا سکتا ہے۔ یہ مرہم سے ٹھیک ہونے والے نہیں ہیں انہیں لگام لگانے کی ضرورت ہے۔
یہ پڑھیں: بنگلا دیش کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں کلین سوئپ شکست پر کپتان شان مسعود نے کیا کہا؟
باسط علی نے کہا کہ یہ کھلاڑی بہت بڑے سیاست دان بن چکے ہیں، پانچ کپتان ایک ٹیم میں کھیل رہے ہیں تو کس سے خوش ہوگا۔
واضح رہے کہ ٹیسٹ کپتان شان مسعود نے شکست کے بعد تسلیم کیا تھا کہ اہم مواقع پر بیٹرز کا اپنی اننگز کو بڑے اسکور میں تبدیل نہ کر پانا اور بولرز کا نظم و ضبط برقرار نہ رکھنا شکست کی بڑی وجوہات بنا۔
شان مسعود نے کہا تھا کہ میچ کے حوالے سے میری رائے یہ ہے کہ ہم سے بہت سی غلطیاں ہوئیں۔ جب آپ چوتھی اننگز میں 360 کے قریب رنز بناتے ہیں تو آپ میچ جیتنے کی توقع کرتے ہیں، لیکن میرا خیال ہے کہ پہلی تین اننگز میں ہمارے پاس غور کرنے کے لیے بہت کچھ تھا۔



