کراچی (14 مئی 2026): خاتون ڈرگ ڈیلر انمول پنکی سے متعلق تحقیقات میں اہم پیشرفت سامنے آئی ہے، ملزمہ کا کرمنل ریکارڈ سامنے آگیا۔
انمول پنکی کا کرمنل ریکارڈ گارڈن تھانے میں درج ہے، پولیس نے کوکین برآمدگی کیس میں ملزمہ کا سی آر او دو مقدمات کی بنیاد پر تیار کرلیا، ملزمہ کراچی کے علاوہ لاہور میں بھی منشیات سپلائی کرتی رہی ہے۔
پولیس حکام کے مطابق ناجائز اسلحہ اور منشیات کے مقدمات کو کمپیوٹرائزڈ کرمنل ریکارڈ کا حصہ بنایا گیا ہے، ریکارڈ میں ملزمہ کے فنگر پرنٹس اور نئی تصاویر بھی شامل کی گئی ہیں۔
کمپیوٹرائزڈ کرمنل ریکارڈ میں ملزمہ انمول پنکی کا نادرا ڈیٹا بھی منسلک کیا گیا ہے، ملزمہ پنکی کے شناختی کارڈ پر ابوالحسن اصفہانی روڈ پر قائم اے ون کمپلیکس کا پتہ درج ہے۔
مزید پڑھیں : ڈرگ کوئن انمول پنکی کون ہے؟
واضح رہے کہ پاکستان کی ‘ڈرگ کوئن’ کہلانے والی انمول عرف پنکی ایک ایسی ہائی پروفائل ملزمہ ہے جس نے کراچی سے اسلام آباد تک منشیات کا ایک وسیع جال پھیلا رکھا تھا۔
کراچی کے پوش علاقوں سے لے کر پنجاب کے بڑے شہروں تک کوکین اور مہنگی منشیات سپلائی کرنے والی انمول عرف پنکی کی گرفتاری نے ملک کے سیکیورٹی اور سماجی حلقوں میں ہلچل مچا دی ہے۔
پولیس اور تحقیقاتی اداروں کے مطابق، انمول پنکی محض ایک منشیات فروش نہیں بلکہ اربوں روپے کے بین الصوبائی ڈرگ نیٹ ورک کی مرکزی کردار بن کر ابھری ہے، جس کا موازنہ اب عالمی ڈرگ لارڈز سے کیا جا رہا ہے۔



