میرٹھ : بھارت میں سوشل میڈیا پر 10روپے کے بسکٹ کے یادگار ڈائیلاگ سے مشہور ہونے والے شاداب زکاتی کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق ان پر بغیر اجازت روڈ شو کرنے اور سڑک پر ہجوم جمع کرکے ٹریفک جام پیدا کرنے کے الزام میں مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔
پولیس کے مطابق سوشل میڈیا پر اپنے مشہور جملے “10 روپے کا بسکٹ کتنے کا ہے؟” سے شہرت حاصل کرنے والے شاداب زکاتی نے گزشتہ روز اپنے جیولری شو روم زکاتی جیولرز کے افتتاح کے موقع پر ایک بڑی تقریب کا اہتمام کیا۔ اس سلسلے میں مبینہ طور پر مقامی انتظامیہ یا پولیس سے پیشگی اجازت نہیں لی گئی تھی۔
متعلقہ حکام کا کہنا ہے کہ تقریب کے باعث ہاپوڑ روڈ پر واقع ورلڈ اسکوائر بلڈنگ کے قریب شدید ٹریفک جام ہوگیا، جس سے شہریوں کو سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ اطلاع ملنے پر پولیس موقع پر پہنچی اور سڑک کو کلیئر کرا کے ٹریفک بحال کیا۔
تحقیقات میں یہ بات سامنے آئی کہ تقریب کے دوران بڑی تعداد میں لوگوں کو جمع کیا گیا، جس سے عوامی راستہ مکمل طور پر بند ہوگیا۔ پولیس کے مطابق یہ عمل قانون کی خلاف ورزی کے زمرے میں آتا ہے۔
مزید برآں، عینی شاہدین کے مطابق ہجوم کو قابو میں رکھنے کے لیے زکاتی کے نجی سیکیورٹی گارڈز نے ڈنڈوں کا استعمال بھی کیا، جس سے صورتحال مزید کشیدہ ہوگئی۔
پولیس نے بتایا کہ عوامی شکایت کی بنیاد پر شاداب زکاتی کے خلاف مقدمہ درج کرکے مزید قانونی کارروائی شروع کر دی گئی ہے۔
حکام نے خبردار کیا ہے کہ بغیر اجازت عوامی مقامات پر ہجوم اکٹھا کرنے اور امن و امان میں خلل ڈالنے والوں کے خلاف سخت اقدامات کیے جائیں گے۔
یاد رہے کہ اس تقریب میں کرکٹر رنکو سنگھ کی بہن نیہا سنگھ سمیت دیگر معروف شخصیات نے بھی شرکت کی تھی۔



