(24 اپریل 2026): بالی وڈ اداکار انو کپور نے انکشاف کیا ہے کہ آنجہانی فلم اسٹار اوم پوری نے ان کی بہن کو دھوکا دیا اور اس کی زندگی برباد کر دی۔
انڈین میڈیا کو دیے گئے حالیہ انٹرویو میں انو کپور نے اوم پوری کے ساتھ اپنے تعلقات کے بارے میں کھل کر بات کی۔ اداکار نے جہاں ان کو ایک بہترین فلم اسٹار قرار دے کر تعریف کی وہیں ان پر اپنی بہن کی زندگی برباد کرنے کا الزام بھی لگایا۔
انو کپور کی بہن سیما کپور کی شادی اوم پوری سے ہوئی تھی جو مختصر عرصہ قائم رہی۔ شادی اُس وقت ٹوٹ گئی جب سیما کپور کو معلوم ہوا کہ سابق شوہر نے انہیں دھوکا دیا۔ تاہم جب اوم پوری اپنی زندگی کے آخری سالوں میں تھے تو یہ الگ ہو جانے والا جوڑا دوبارہ ایک دوسرے کے قریب آگیا تھا۔
یہ بھی پڑھیں: اوم پوری: ایک باکمال اداکار اور بہترین انسان کا تذکرہ
انٹرویو میں انو کپور نے کہا اوم پوری ایک غیر معمولی اداکار تھے ان جیسا عظیم فنکار کوئی دوسرا نہیں تھا لیکن یہ ایک الگ معاملہ ہے، وہ کسی کے شوہر بنے اور شوہر بننے کے بعد انہوں نے ایک عورت کو دھوکا دیا اور یہیں سے معاملات خراب ہوئے اور میں اس عورت کا بھائی ہوں۔
’وہ شاید 10 سال پہلے ہی چلے گئے ہوتے یہ میری بہن ہی تھی جس نے ان کا خیال رکھا۔ جب آپ کا جسم کمزور ہو گیا تب آپ واپس آئے، میں اپنی بہن سے بھی ناراض اور ناخوش تھا۔‘
ان کا کہنا تھا کہ آج اوم پوری اس دنیا میں نہیں ہیں ان کا بیٹا موجود ہے، آج بھی میں ان کے بیٹے اور ان کی سابقہ اہلیہ نندیتا کیلیے دعا کرتا ہوں، میری کسی سے کوئی دشمنی نہیں ہے لیکن اس بات کا افسوس ہے کہ میری بہن سیما کپور کی زندگی برباد ہو گئی ان کا کوئی سہارا نہیں ہے۔
واضح رہے کہ 1993 میں اوم پوری نے صحافی نندیتا پوری سے شادی کی تھی اور ان کا ایک بیٹا ایشان ہے۔ اوم پوری کا انتقال 2017 میں ہوا تھا، اپنی زندگی کے آخری سالوں میں انہوں نے سیما کپور کو فون کر کے ان سے معافی مانگی تھی۔



