اسلام آباد : جرمنی میں ملازمت کے مواقع تک رسائی کے لیے اس بات سے باخبر ہونا ضروری ہے کہ پاکستانی تعلیمی اسناد کی جانچ پڑتال جرمن ریکگنیشن سسٹم میں کس طرح کی جاتی ہے؟۔
زیر نظر مضمون میں جرمنی میں ملازمت کے خواہشمند پاکستانیوں کے لیے رہنمائی اور تعلیمی اسناد کی تصدیق سے متعلق اہم معلومات فراہم کی جارہی ہیں۔
اس سلسلے میں بیورو آف امیگریشن اینڈ اوورسیز ایمپلائمنٹ کی جانب سے پاکستانیوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنی تعلیمی اسناد کی جرمن نظام کے مطابق درست جانچ کو یقینی بنائیں، کیونکہ یہ مرحلہ ویزا درخواست اور روزگار کے حصول میں بنیادی اہمیت رکھتا ہے۔
اعلامیے کے مطابق غیرملکی تعلیمی اسناد کی جانچ پڑتال کے لیے ’انابن‘ ڈیٹا بیس کو مرکزی حیثیت حاصل ہے، جسے جرمنی کا سنٹرل آفس فار فارن ایجوکیشن (زیڈ اے بی) برقرار رکھتا ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ اس مرحلے پر درست اور شفاف تصدیق نہ صرف انتظامی عمل کو تیز بناتی ہے بلکہ درخواست گزار کی ساکھ بھی بہتر کرتی ہے۔
بیورو نے واضح کیا ہے کہ امیدوار اپنی ڈگری جاری کرنے والے ادارے اور متعلقہ تعلیمی قابلیت دونوں کی تصدیق انابن پورٹل کے ذریعے کریں۔
کسی ادارے کی مکمل منظوری کے لیے اس کا ایچ پلس اسٹیٹس ہونا ضروری ہے، جبکہ ایچ پلس کی صورت میں صرف مخصوص پروگرام ہی تسلیم کیے جاتے ہیں، اسی طرح ڈگری کا جرمن معیار کے مطابق ہونا بھی لازمی شرط ہے۔
ویزہ پراسس کے لیے درخواست گزاروں کو ’انابن‘ سے دو الگ پرنٹ آؤٹس فراہم کرنا ہوں گے، جن میں ادارے کی حیثیت اور ڈگری کی مساوات شامل ہوگی۔
مزید برآں پاکستانی امیدواروں کے لیے ہائر ایجوکیشن کمیشن سے ڈگری اور ٹرانسکرپٹس کی تصدیق بھی لازمی قرار دی گئی ہے۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ اگر کسی ادارے یا ڈگری کا ریکارڈ ’انابن‘ میں موجود نہ ہو یا معلومات غیر واضح ہوں تو درخواست گزار کو (زیڈ اے بی) سے “اسٹیٹمنٹ آف کمپیریبیلٹی” حاصل کرنا ہوگی، جس میں تقریباً تین ماہ لگ سکتے ہیں۔ اس لیے درخواست کا عمل بروقت شروع کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
بیورو نے مزید وضاحت کی ہے کہ جرمنی میں بعض پیشے، جیسے طب، قانون اور تدریس، باقاعدہ قانونی منظوری کے متقاضی ہیں، جن کے لیے متعلقہ اداروں سے علیحدہ اجازت نامہ درکار ہوتا ہے۔ جبکہ دیگر شعبوں میں عمومی تصدیق کافی ہوتی ہے۔
حکام نے زور دیا ہے کہ تمام تقاضوں کی مکمل اور درست تکمیل نہ صرف تاخیر سے بچاتی ہے بلکہ جرمنی کی لیبر مارکیٹ میں کامیاب داخلے کے امکانات کو بھی بڑھاتی ہے۔



