(14 اپریل 2026): بھارتی اداکار وجے ورما نے ساؤتھ انڈین اداکارہ تمنا بھاٹیہ سے بریک اپ کے بعد اپنے لیے پیدا ہونے والی غیر معمولی صورتحال پر پہلی بار خاموشی توڑ دی۔
وجے ورما اور تمنا بھاٹیہ بالی وڈ کی پسندیدہ ترین اداکار جوڑوں میں سے ایک تھے۔ ان میں دوستی کا آغاز 2022 میں ہوا تھا جبکہ جون 2023 میں انہوں نے اپنے رشتے کی تصدیق کی، لیکن دو سال بعد اچانک علیحدگی کا فیصلہ کیا۔
وجے ورما نے انڈین میڈیا کو دیے گئے حالیہ انٹرویو کے دوران تمنا بھاٹیہ سے بریک اپ کے بعد سوشل میڈیا پر ملنے والی شدید نفرت کے بارے میں کھل کر بات کی۔
یہ بھی پڑھیں: ایک اچھی لائف پارٹنر بننے کی کوشش کر رہی ہوں، تمنا بھاٹیہ
اداکار نے انکشاف کیا کہ تمنا بھاٹیہ سے علیحدگی کے بعد انہیں سوشل میڈیا پر غیر معمولی نفرت کا سامنا کرنا پڑا، ان کی ذاتی زندگی کے بارے میں مسلسل قیاس آرائیوں نے ان پر برا اثر ڈالا۔
’جب ہم بڑے ہو رہے تھے تو کسی عوامی فورم پر کسی کے بارے میں برا کہنا اچھا نہیں سمجھا جاتا تھا، تاہم اب حالات بدل چکے ہیں۔ اب جن لوگوں کو برا بھلا کہا جاتا ہے انہیں ان لوگوں سے زیادہ نفرت کا سامنا کرنا پڑتا ہے جو حقیقت میں گالیاں دے رہے ہوتے ہیں۔‘
اسی انٹرویو میں وجے ورما نے ان منفی باتوں اور جھوٹ کو یاد کیا جو 2025 میں ان کے بارے میں مسلسل لکھے جا رہے تھے۔ اداکار نے اس بات پر زور دیا کہ انہوں نے خاموشی کا انتخاب کیا اور 14 ماہ تک عوامی نظروں سے دور رہے تاکہ لوگوں کی توجہ دوبارہ ان کے کام پر مرکوز ہو سکے۔
وجے ورما کا کہنا تھا کہ گزشتہ چند سالوں سے لوگ ان کے کام کے بجائے ان کی ذاتی زندگی کے بارے میں زیادہ باتیں کر رہے تھے۔
واضح رہے کہ 2025 کے ایک انٹرویو میں تمنا بھاٹیہ نے بھی محبت اور رشتوں کے بارے میں گفتگو کی تھی۔ اداکارہ نے بتایا تھا کہ وہ ایک بہترین لائف پارٹنر بننے کی کوشش کر رہی ہیں۔



