کراچی کنگز کے تجربہ کار آل راؤنڈر معین علی نے اگلے میچ میں ٹیم کی بھرپور کم بیک کی امید کا اظہار کیا ہے۔
پشاور زلمی سے میچ کے بعد گفتگو کرتے ہوئے معین علی نے کہا کہ ہم نےآج اچھی کرکٹ نہیں کھیلی جب کہ پشاور زلمی نے ہر شعبے میں بہترین کھیل پیش کیا، اگلےمیچ میں بھرپور کم بیک کریں گے۔
معین علی نے کہا کہ بابراعظم اور کوشل مینڈس کی پارٹنرشپ توڑنے میں ناکام رہے اور ہم نے فیلڈنگ میں کیچز بھی ڈراپ کیے، آسٹریلوی مٹی کی وکٹ بیٹنگ کے لیے بہترین تھی، وکٹ فاسٹ بولرز کے لیے سازگار اور تھوڑا اسپن بھی ہو رہی تھی۔
ان کا کہنا تھا کہ ہمارے لیے رن ریٹ سے زیادہ میچز جیتنا اہم ہے، 7 دن کا بریک بہت زیادہ ہے کھلاڑی بور ہو جاتے ہیں۔
پی ایس ایل 11 کے 17ویں میچ میں پشاور زلمی نے کراچی کنگز کو 159 رنز سے شکست دے دی۔
کراچی کے نیشنل بینک اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں پشاور زلمی کی جانب سے دیے گئے 247 رنز کے تعاقب میں کراچی کنگز کی ٹیم 16.1 اوورز میں 87 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔
اوپنر ڈیوڈ وارنر اور محمد وسیم بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے۔
جارح مزاج بیٹر اعظم خان 25 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، سعد بیگ 14 اور خوشدل شاہ 10 رنز بناسکے۔



