بالی ووڈ کی معروف اداکارہ لارا دتہ نے زندگی کا خوفناک تجربہ بیان کردیا۔
بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق اداکارہ لارا دتہ نے انکشاف کیا کہ اپنی پہلی فلم ’انداز‘ کی شوٹنگ کے دوران میں ڈوبنے والی تھی کہ اکشے کمار نے بچا لیا۔
اداکارہ نے کہا کہ سمندر میں گانے کی شوٹنگ چل رہی تھی اور مجھے تیرنا نہیں آتا تھا اس دوران میں تقریباً ڈوب گئی تھی کہ اکشے کمار نے مجھے بچایا اور واپس ساحل پر لے آئے۔
لارا دتہ نے بتایا کہ اس کے بعد شوٹنگ فوری طور پر روک دی گئی اور مجھے اسپتال منتقل کیا گیا۔
اداکارہ نے بتایا کہ اس کے بعد میں نے 30 سال کی عمر میں فلم ’بلیو‘ کے لیے تیراکی سیکھی۔
انہوں نے کہا کہ اکشے کمار نے میرے نام کی سفارش بلیو کے پروڈیوسرز سے کی جو ایک زیر آب ایڈونچر فلم تھی جس میں سمندر کی تہہ میں جانا تھا۔
یہ پڑھیں: لارا دتہ نے ہالی وڈ کی کون سی سپر ہٹ فلم کی پیشکش ٹھکرا دی؟
لارا دتہ نے کہا کہ میں اس فلم کا حصہ نہیں بننا چاہتی تھی اور اکشے سے بھی کہا کہ میں یہ فلم نہیں کرسکتی۔
اداکارہ کے مطابق اکشے کمار نے کہا کہ تیراکی سیکھو تو میں ان سے کہنے لگی کہ میں پاگل ہوں جو اس عمر میں تیراکی سیکھوں گی۔
انہوں نے کہا کہ لیکن میں نے تیراکی سیکھی اور اس فوبیا پر قابو پالیا جو ’انداز‘ کے بعد سے میرے دماغ میں تھا۔
انتھونی ڈی سوزا کی ہدایت کاری میں بننے والی فلم ’بلیو‘ 2009 میں ریلیز ہوئی جس میں سنجے دت اور زید خان بھی شامل تھے یہ فلم باکس آفس پر کامیاب نہ ہوسکی لیکن فلم نے لارا دتہ کے اعتماد میں اضافہ کیا اور وہ سمندر کے فوبیا پر قابو پاسکیں۔
کام کے محاذ پر اداکارہ کو آخری بار عشق نادان (2023) میں نظر آئی تھیں۔



