spot_img

ذات صلة

جمع

پیٹرولیم مصنوعات کے ذخائر کے حوالے سے کابینہ کمیٹی میں اہم بریفنگ

اسلام آباد (24 مارچ 2026): کابینہ کمیٹی کے اجلاس میں حکام نے ملک میں پیٹرولیم مصنوعات و گیس کے ذخائر کے حوالے سے اہم بریفنگ دی۔

وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کی زیرِ صدارت پیٹرولیم مصنوعات سے متعلق کابینہ کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں ملک میں اس کی فراہمی اور عالمی مارکیٹ کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔

اجلاس کے جاری کیے گئے اعلامیے کے مطابق حکام نے بریفنگ دی کہ ملک میں پیٹرولیم مصنوعات و گیس کے ذخائر تسلی بخش سطح پر موجود ہیں، درآمدی انتظامات اور مقامی پیداوار سے سپلائی مستحکم ہیں، پیٹرولیم مصنوعات کی ترسیل کا نظام معمول کے مطابق جاری ہے۔

یہ بھی پڑھیں: پیٹرولیم  مصنوعات کی قیمتیں نہ بڑھانے کو زیادہ دیر برقرار نہیں رکھ سکتے، عطا تارڑ

بریفنگ میں بتایا گیا کہ مارچ اور اپریل کیلیے پیٹرول کارگو کی بڑی مقدار پہلے ہی محفوظ ہے، ملک میں ریفائنریز معمول کے مطابق کام کر رہی ہیں۔

اعلامیے کے مطابق کابینہ کمیٹی نے ریفائنریز کی پیداوار برقرار رکھنے کی ہدایت کی، اجلاس میں عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ کا تفصیلی جائزہ لیا گیا جبکہ بریفنگ دی گئی کہ حکومت عالمی اور مقامی قیمتوں کے فرق کا مسلسل جائزہ لے رہی ہے۔

کابینہ کمیٹی نے توانائی سپلائی چین میں مکمل تیاری اور ہم آہنگی پر زور دیا۔

بریفنگ میں کہا گیا کہ جی ٹو جی معاہدوں سے توانائی سپلائی مزید مستحکم بنانے کی کوششیں جا ری ہیں، مختلف ممالک سے تیل کی درآمد کیلیے حکمت عملی اپنائی گئی۔

وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے متعلقہ اداروں کو صورتحال پر کڑی نظر رکھنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں پیٹرولیم مصنوعات کی بلا تعطل فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔

spot_imgspot_img