لاہور (25 فروری 2026): وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کے ترجمان کوثر کاظمی نے خریدے گئے جہاز اور ایئر پنجاب ایئر لائن کے حوالے سے اہم بیان دے دیا۔
اے آر وائی نیوز کے پروگرام ’خبر‘ میں ترجمان وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ یہ کہا جا رہا ہے کہ خفیہ رکھ کر جہاز خریدا گیا تو یہ حیرت کی بات نہیں، بلوچستان حکومت نے 1.7 ارب کا جہاز لیا اس کا کسی کو نہیں معلوم، خیبر پختونخوا حکومت نے جو دو ہیلی کاپٹر خریدے اس کا بھی کوئی ذکر نہیں کرتا، صرف پنجاب پر ہی کیوں نظریں اور پنجاب کو کیوں تنقید کا نشانہ بنایا جاتا ہے؟
کوثر کاظمی نے کہا کہ جہاز لے لیا اب یہ پنجاب حکومت کا اثاثہ ہے۔
یہ بھی پڑھیں: پنجاب حکومت نے 11 ارب روپے کا جہاز خرید لیا
انہوں نے کہا کہ میں وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کا ترجمان ہوں کسی صوبائی وزیر کا نہیں، جہاز کے معاملے پر عظمیٰ بخاری کو ایسی بات نہیں کرنی چاہیے تھی، جب ایک پورٹ فولیو کے ساتھ بیٹھے ہوتے ہیں تو سوچ سمجھ کر بیٹھنا چاہیے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ بغض میں مبتلا طبقہ وزیر اعلیٰ پنجاب سے خوش نہیں ہے، باقی صوبوں کے عوام کہتے ہیں ہمیں مریم نواز جیسی وزیر اعلیٰ چاہیے۔
پروگرام میں کوثر کاظمی نے بتایا کہ جہاز کی خریداری کے بارے میں معلومات شیئر کی جائیں گی، اپریل تک ایئر پنجاب سے متعلق صورتحال بھی واضح ہو جائے گی، پنجاب حکومت کا جہاز پرانا ہونے پر انجینئرز نے بتایا کہ اس کی مینٹیننس بڑھ رہی ہے، جہاز کتنے کا خریدا گیا اس کے اعداد و شمار میرے پاس نہیں ہیں۔
’جہاز کے معاملے سے زیادہ دیگر اور مسائل ہیں بدقسمتی سے کوئی اس پر بات نہیں کرتا۔ سوشل میڈیا پر طوفان بدتمیزی برپا کیا گیا، یہ تاثر دیا گیا کہ جہاز مریم نواز نے خریدا ہے اور جاتی امرا میں کھڑا ہے۔‘
وزیر اعلیٰ پنجاب کے ترجمان نے بتایا کہ ایئر پنجاب کے نام سے اجازت نامہ آ چکا ہے اور لائسنس بھی جاری ہو چکا ہے، ایئر لائن کا آغاز اپریل تک ہو جائے گا۔



