spot_img

ذات صلة

جمع

فوڈ ڈلیوری رائیڈر کے ورثاء نے ملزم کو کیوں معاف کیا؟ معاملہ آخر ہے کیا؟

کراچی : خیابان اتحاد ڈیفنس میں گزشتہ روز ایک امیر زادے کی تیز رفتار گاڑی سے کچل کر جاں بحق ہونے والے فوڈ ڈلیوری رائیڈر کے ورثاء نے ملزم کو معاف کردیا جس پر بہت سے سوالات اٹھ رہے ہیں۔

فوڈ ڈلیوری رائیڈر کو کچلنے والے گرفتار بااثر ملزم اصغر علی بھنگوار کو پولیس کی جانب سے چھوڑ دیا گیا، ملزم کی گرفتاری اور دیگر معاملات سے میڈیا کو بھی آگاہ نہیں کیا گیا۔

اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق حادثے کے فوری بعد حادثے کے ذمہ دار گاڑی کے ڈرائیور حسن اور نوجوان فرحان کو زخمی حالت میں فوری طبی امداد کیلیے مقامی اسپتال منتقل کیا گیا تھا۔

بعد ازاں دوران علاج فوڈ ڈلیوری رائیڈر فرحان زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جان کی بازی ہار گیا، تاہم پولیس نے تقریباً 16 گھنٹے تک میڈیا کو کسی قسم کی اپڈیٹ نہیں دی تھی کیونکہ اس دوران مبینہ طور پر فریقین کے درمیان راضی نامہ چل رہا تھا۔

بعد ازاں پولیس نے بتایا کہ متوفی فرحان کے اہل خانہ نے اللہ کی رضا کی خاطر ملزم کو معاف کردیا ہے جبکہ حیرت انگیز طور پر اس قسم کے تحریری معاہدے کی کوئی دستاویز سامنے نہیں آئی۔

فریقین کے درمیان مبینہ طور پر کیسے اور کتنے میں ڈیل ہوئی اس حوالے سے پولیس نے میڈٖیا کو کوئی معلومات فراہم نہیں کیں جبکہ بعد میں جو دستاویزات حاصل ہوئی ہیں جن میں حسن کا بیان، متوفی فرحان کے والد کا بیان اور ضمانت نامہ موجود ہے۔

یہاں یہ سوال پیدا ہوتا ہے کہ متوفی فرحان کے ساتھ حادثہ، دوران علاج موت اور تدفین بعد تک کیا ہوتا رہا؟ پولیس کی جانب سے یہ بتایا گیا تھا کہ فرحان کی تدفین کے بعد لواحقین کی جانب سے مقدمہ درج کرایا جائے گا لیکن ایسا نہیں ہوا۔

پولیس کی جانب سے فریقین کے درمیان ہونے والا صلح نامہ بھی راز میں رکھا گیا اور اس سارے معاملے سے میڈیا نمائندوں کو بھی دور رکھا گیا جس سے مزید شکوک و شبہات جنم لے رہے ہیں۔

 رپورٹ کے مطابق ایسا لگتا ہے کہ پولیس پر بااثر ملزم کے اہل خانہ کی جانب سے شدید دباؤ دیا گیا ہو شاید اسی وجہ سے پولیس کی مدعیت میں بھی مقدمہ درج نہیں کیا گیا۔

اگر ماضی کی بات کی جائے تو اس طرح کے کسی بھی حادثے کے بعد ٹریفک پولیس کے سیکشن آفیسر کی مدعیت میں مقدمہ درج کیا جاتا ہے تاہم اس کیس میں ایسا کچھ نہیں ہوا۔

کراچی : فوڈ ڈیلیوری رائیڈر کو کچلنے والے ملزم پر پولیس کی مہربانیوں نے کئی سوالات اٹھا دیئے

spot_imgspot_img