spot_img

ذات صلة

جمع

کراچی : ماہ رمضان میں پانی کا بحران مزید سنگین ہونے کا خدشہ

کراچی : پورٹ قاسم کے قریب پھٹنے والی 84 انچ کی پانی کی لائن سے مرمت کے بعد بھی شہریوں کو سپلائی بحال نہ ہوسکی، جس کے بعد ماہ رمضان میں پانی کا بحران شدت اختیار کرگیا۔

اے آر وائی نیوز کراچی کے نمائندے افضل پرویز کی رپورٹ کے مطابق پورٹ قاسم کے قریب دھابیجی اور گلشنِ اقبال شانتی نگر کے قریب واٹر کارپوریشن کی 84 انچ قطر کی مرکزی لائن لیک ہونے کی وجہ سے شہر کے بڑے حصے کو پانی کی فراہمی نہ ہوسکی۔

ایک طرف پائپ لائنیں پھٹنے سے سپلائی معطل ہے تو دوسری جانب بجلی کے بریک ڈاؤن نے رہی سہی کسر پوری کردی ہے۔

گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران لائن کی مرمت تو کرلی گئی لیکن پانی کی سپلائی تاحال بحال نہیں ہوسکی جس کے سبب پہلے روزے کو بھی شہری پانی کی بوند بوند کو ترس رہے ہیں۔

رپورٹ کے مطابق لائن کی مرمت کے بعد ہی کے الیکٹرک کی جانب سے دھابیجی پر ایک اور بریک ڈاؤن کیا گیا، جس کی وجہ سے شہر کو 10 کروڑ 31لاکھ گیلن پانی فراہم نہیں کیا جاسکا۔

موجودہ صورتحال کے سبب لانڈھی، کورنگی، ملیر، شاہ فیصل اور گلشن اقبال، کیماڑی ٹاؤن سلطان آباد سمیت صدر ٹاؤن کے شہری بوند بوند پانی کے لیے پریشان ہیں۔

رمضان المبارک کے آغاز کے باوجود پانی کے اس بحران نے شہریوں کی مشکلات میں اضافہ کر دیا ہے، جبکہ واٹر کارپوریشن نے دعویٰ کیا ہے کہ صورتحال جلد معمول پر آجائے گی۔

کراچی: رمضان سے قبل پانی کا سنگین بحران، شہری شدید اذیت میں مبتلا

spot_imgspot_img