فیصل آباد: ٹماٹر اور مرچ کی کاشت کے حوالے سے کاشتکاروں کےلیے اہم خبر آئی ہے، دونوں سبزیوں کی کاشت بذریعہ پنیری کرنیکی ہدایت کی گئی ہے۔
کاشتکاروں کو ڈپٹی ڈائریکٹر محکمہ زراعت عدیل احمد کی جانب سے مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ ٹماٹر اور مر چ کی کاشت بذریعہ پنیری کریں، انھوں نے کہا کہ موسم گرما کی سبزیوں کی کاشت کے دوران کاشتکار اس بات کو یقینی بنائیں کہ ماہرین زراعت کی سفارشات پر عملدرآمد کیا جائے۔
ٹماٹر اور مرچ کی کاشت کیلئے ایسی پنیری کاانتخاب کیا جائے جس کی عمر 30 سے35 دن تک ہو نیز پنیری کو پٹڑیوں پر سفارش کردہ فاصلہ کے مطابق منتقل کیا جائے تاکہ اچھی پیداوار اور بہترین فصل کا حصول ممکن بنایا جاسکے۔
ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت نے مزید کہا کہ ٹماٹر، سبز مرچ، شملہ مرچ، بینگن کریلے، گھیاکدو، چپن کدو، کالی توری، بھنڈی توری، تر اور کھیرے کی کاشت کا بہترین وقت فروری سے مارچ تک ہے
اس کی وجہ یہ ہے کہ مذکورہ سبزیاں 20 سے 35 ڈگری سینٹی گریڈ درجہ حرارت پر بہترین نشو ونما پاتی ہیں، اس سے زیادہ یاکم درجہ حرارت پیداوار پر منفی اثرات مرتب کرتاہے اور فصل بھی بری طرح متاثر ہوتی ہے۔
عدیل احمد نے کہا کہ کاشتکار سبزیوں کے اگاؤ کیلئے ایسے بیج کا بھی انتخاب کریں جس کے اگاؤ کی شرح 80فیصد سے کم نہ ہو۔
انھوں نے کہا کہ سبزیوں کی کاشت کیلئے اچھے نکاس اور نامیاتی مادے والی ذرخیز زمین منتخب کی جائے اور ایسے بیج حاصل کیے جائیں جو کیڑوں اور بیماریوں کے خلاف بھرپورقوت مدافعت رکھتے ہوں تاکہ فصل اچھی ہوسکے۔
ٹماٹر کی ہوشربا قیمتوں پر فل اسٹاپ. نئے نرخ کیا مقرر؟ عوام کیلیے بڑی خبر آ گئی



