اسلام آباد (14 فروری 2026): بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے ذاتی معالج ڈاکٹر فیصل سلطان نے مطالبہ کیا ہے کہ عمران خان کو علاج کیلیے شفا انٹرنیشنل منتقل کیا جائے۔
ڈاکٹر فیصل سلطان نے اپنے ویڈیو بیان میں کہا کہ شفا انٹرنیشنل میں بانی پی ٹی آئی کے علاج کی تمام سہولتیں موجود ہیں، عمران خان کے علاج کیلیے بورڈ میں مجھے بھی شامل کیا جائے، میں 20 سال سے ان کی طبی ہسٹری جانتا ہوں۔
سابق وزیر اعظم کے ذاتی معالج نے کہا کہ عمران خان کی آنکھ میں جو مسئلہ ہے اس میں وقت بہت قیمتی ہوتا ہے، بروقت اور مناسب علاج بینائی کو بچانے اور بحال کرنے کیلیے اہم ہوتا ہے، علاج کرنے والی ٹیم میں آنکھوں کے ماہر ڈاکٹر کا شامل ہونا ضروری ہے۔
یہ بھی پڑھیں: حکومت نے بانی پی ٹی آئی کا علاج کروانے کی پیشکش کر دی
انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کی دیگر بیماریاں بھی آنکھ کی بیماری کی بنیاد ہو سکتی ہیں، عمران خان کی دوسری آنکھ کی بہتری کیلیے ضروری ہے ٹیم مل کر کام کرے، اعلیٰ معیار کے ادارے میں ان کا بہتر علاج ممکن ہو سکتا ہے، شفا انٹرنیشنل اسپتال میں وہ سہولیات موجود ہیں جس سے علاج ہو سکے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ گزارش ہے کہ علاج کیلیے تشکیل دی جانے والی ٹیم میں ہمیں شامل کیا جائے، علاج کیلیے ٹیم میں ڈاکٹر عاصم یوسف اور مجھے یا ہم دونوں کو شامل کیا جائے، گزشتہ کئی دہائیوں سے عمران خان کی میڈیکل ہسٹری سے واقف ہیں، ہم ٹیم میں شامل ہوں گے تو ان کے علاج میں مدد کر سکیں گے۔



