ممبئی (11 فروری 2026): بالی وڈ کے معروف اداکار رنویر سنگھ کو دھمکی آمیز پیغام موصول ہونے کے بعد ان کے گھر کے باہر سکیورٹی سخت کر دی گئی۔
انڈین میڈیا کے مطابق رنویر سنگھ کو بذریعہ واٹس ایپ وائس نوٹ دھمکی آمیز پیغام موصول ہوا جس میں نامعلوم ملزم نے ان سے کروڑوں روپے دینے کا مطالبہ کیا۔
دھمکی ملنے کے بعد رنویر سنگھ نے ممبئی پولیس کو مطلع کیا جس کے فوراً بعد ان کی رہائش گاہ کے باہر سکیورٹی سخت کر دی گئی۔ نامعلوم ملزم نے اپنا تعلق لارنس بشنوئی گینگ سے بتایا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: رنویر سنگھ کی مجموعی دولت نے سب کے ہوش اڑا دیے
پولیس نے معاملے کی تحقیقات شروع کر دیں اور وائس نوٹ بھیجنے والے ملزم کا سراغ لگانے کی کوشش کر رہی ہے۔
رنویر سنگھ اور دپیکا پڈوکون جس ہاؤسنگ سوسائٹی میں مقیم ہیں وہاں سکیورٹی بڑھائے جانے کے بعد سوسائٹی کی انتظامیہ نے پولیس کو خط لکھ کر پولیس اہلکاروں اور نجی باڈی گارڈز کی بھاری نفری کی تعیناتی پر وضاحت طلب کی۔
انتظامیہ نے کہا کہ کئی رہائشیوں کو دشواری کا سامنا ہے کیونکہ مسلح گارڈز سوسائٹی میں نقل و حرکت کر رہے ہیں۔
واضح رہے کہ حال ہی میں نامور فلمساز روہت شیٹی کی رہائش گاہ کے باہر فائرنگ کا واقعہ پیش آیا تھا جس کی ذمہ داری بھی لارنس بشنوئی گینگ نے قبول کی تھی۔
واقعہ اتوار کی صبح ممبئی میں پیش آیا، پونے پولیس نے اب تک پانچ افراد کو حراست میں لیا ہے۔ ابتدائی تحقیقات کے مطابق حملہ آوروں نے رات تقریباً 12:45 بجے ممبئی کے علاقے جوہو میں واقع نو منزلہ عمارت کی پہلی منزل پر فائرنگ کی۔
کم از کم پانچ راؤنڈ فائر کیے گئے جن میں سے ایک گولی عمارت کے اندر موجود جم کے شیشے پر لگی۔ گینگ نے سوشل میڈیا پوسٹ کے ذریعے حملے کی ذمہ داری قبول کی جس کے بعد آرجو بشنوئی نامی ایک مبینہ گینگسٹر نے ایک آڈیو پیغام جاری کیا جس میں فائرنگ کا اعتراف کیا گیا۔



