کراچی : کورنگی زمان ٹاؤن میں گزشتہ روز انڈے کے تاجر سے 30 لاکھ روپے کی ڈکیتی کا مقدمہ بالآخر دو دن بعد درج کرلیا گیا۔
اس حوالے سے پولیس حکام نے بتایا کہ 2 روز قبل پیش آنے والے واقعے کا مقدمہ تاجر اصغر کی مدعیت میں درج کرلیا گیا ہے۔
ایف آئی آر کے متن میں مدعی کا کہنا ہے کہ میں نے اپنے 2 ملازمین عامر اورعمران کو 30لاکھ روپے تھیلے میں بھرکردیے۔ ملازمین وہ رقم لے کر بینک میں جمع کرانےجارہے تھے۔
ڈکیتی کے مقدمے کے متن کے مطابق کورنگی ڈھائی نمبر پر 2 موٹرسائیکلوں پر سوار 4 نامعلوم ملزمان نے ملازمین کو اسلحے کے زور پر روکا۔
مسلح ملزمان نے اپنی شناخت چھپانے کیلئے چہرے پر ماسک اور ہیلمٹ پہن رکھے تھے، ڈاکو اسلحہ دکھا کر30لاکھ روپے سے بھرا تھیلا اور موبائل فون چھین کر اپنے ساتھ لے گئے۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ جائے وقوعہ سے واردات کی سی سی ٹی وی فوٹیج حاصل کرنے کی کوشش کی جارہی ہے، ملزمان بہت جلد قانون کی گرفت میں ہوں گے۔
علاوہ ازیں کراچی کے علاقے طارق روڈ اللہ والی چورنگی کے قریب پولیس اور ڈاکوؤں میں فائرنگ کا تبادلہ ہوا ہے جس کے نتیجے میں 2 ملزمان زخمی حالت میں گرفتار جبکہ 2 فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے، گرفتار ملزمان کار لفٹر گینگ کے کارندے ہیں۔



