اسلام آباد : حکومت نے صارفین کو مزید ریلیف دینے کی تیاریاں شروع کردی ہیں، اس سلسلے میں بجلی سستی کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا ہے۔
اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق نومبر کی ماہانہ ایڈجسٹمنٹ کے تحت ملک بھر کے لئے بجلی 93 پیسے فی یونٹ سستی کردی گئی۔
نیپرا نے بجلی سستی کرنے کا نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا ہے جس میں بتایا گیا ہے کہ کراچی سمیت ملک بھر کے صارفین کو جنوری کے بلوں میں ریلیف ملے گا۔
جاری نوٹیفکیشن کے مطابق بجلی کی فی یونٹ قیمت میں دی گئی کمی کا اطلاق لائف لائن صارفین پر نہیں ہوگا۔
مزید پڑھیں : عوام کیلیے خوشخبری، سال نو پر بجلی سستی ہونے کا امکان
یاد رہے کہ سینٹرل پرچیزنگ پاور ایجنسی (سی پی پی اے) نے گزشتہ ماہ نیپرا کو ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی کی قیمت میں کمی کی درخواست کی تھی۔
نیپرا اتھارٹی نے بجلی کی قیمت میں کمی سے متعلق درخواست پر سماعت کی تھی۔ ذرائع کے مطابق بجلی 72 پیسے فی یونٹ سستی ہونے کا امکان تھا جسے 93 پیسے کردیا گیا۔
سی پی پی اے کی درخواست میں اعداد وشمار بھی دیے گئے تھے، جس کے مطابق نومبر میں ڈسکوز کو7 ارب 81 کروڑ 30 لاکھ یونٹس بجلی فراہم کی گئی تھی۔
بجلی کی فی یونٹ لاگت 6 روپے 16 پیسے رہی، نومبر میں پانی سے 39.16 فیصد، مقامی کوئلے سے 9.34 فیصد بجلی پیدا کی گئی۔



