ممبئی (30 دسمبر 2025): بالی وڈ کے معروف اسٹارز عامر خان اور آر مادھون نے کامیڈی فلم ’3 ایڈیٹس‘ کے سیکوئل سے متعلق خاموشی توڑ دی۔
3 ایڈیٹس سب سے یادگار فلموں میں سے ایک ہے۔ 2009 میں راجکمار ہیرانی کی ہدایت کاری میں بننے والی اس فلم میں عامر خان، آر مادھون اور شرمن جوشی نے مرکزی کردار ادا کیا تھا جبکہ دیگر اداکاروں میں بومن ایرانی، کرینہ کپور اور مونا سنگھ شامل تھیں۔
وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ فلم نے انتہائی مقبول حیثیت حاصل کر لی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: فلم تھری ایڈیٹس کے اہم کردار چل بسے
حالیہ دنوں میں ایسی خبریں گردش کر رہی ہیں کہ 3 ایڈیٹس کا سیکوئل بننے والا ہے تاہم اب عامر خان اور آر مادھون نے ان قیاس آرائیوں پر اپنا ردعمل دیا ہے۔
دونوں اداکاروں نے انکشاف کیا کہ ان سے سیکوئل کیلیے کوئی رابطہ نہیں کیا گیا، یہ ان اطلاعات کے بالکل برعکس ہے جن میں کہا گیا تھا کہ اصل مرکزی جوڑی دوبارہ اسکرین پر نظر آئے گی۔
آر مادھون نے انٹرویو میں کہا کہ 3 ایڈیٹس کا سیکوئل سننے میں تو بہت اچھا لگتا ہے لیکن یہ حقیقت سے دور معلوم ہوتا ہے، عامر خان، شرمن جوشی اور میں اب کافی عمر رسیدہ ہو چکے ہیں سیکوئل میں کہانی کو کہاں لے کر جائیں گے؟
اداکار نے مزید کہا کہ یہ ایک دلچسپ خیال تو ہے لیکن ایک مناسب سیکوئل کیلیے سازگار نہیں، میں راجو ہیرانی کے ساتھ دوبارہ کام کرنا پسند کروں گا لیکن کیا دوبارہ 3 ایڈیٹس میرا خیال ہے کہ یہ ایک احمقانہ بات ہوگی۔
دوسری جانب، عامر خان کا کہنا تھا کہ ہم وہ فلم بناتے ہوئے بہت لطف اندوز ہوئے تھے، میرا کردار ’رانچو‘ میرے اب تک کے نبھائے گئے کرداروں میں سب سے زیادہ مقبول ہے۔
عامر خان کا مزید کہنا تھا کہ لوگ آج بھی اس کردار کے بارے میں بات کرتے ہیں اس لیے میں سیکوئل کرنا پسند کروں گا لیکن مجھ سے کسی نے اس بارے میں رابطہ نہیں کیا۔



