سوات : نامعلوم افراد نے اندھا دھند فائرنگ کرکے پولیس اہلکار کو قتل کردیا، مقتول چھٹی پر اپنے گھر آیا تھا۔
اے آر وائی نیوز سوات کے نمائند ے شہزاد عالم کی رپورٹ کے مطابق سوات کے تھانہ منگلور کی حدود میں فائرنگ کا واقعہ پیش آیا ہے۔
نامعلوم افراد کی فائرنگ کے نتیجے میں ایک پولیس اہلکار موقع پر ہی جاں بحق ہوگیا۔ اطلاع ملتے ہی علاقہ پولیس جائے وقوعہ پر پہنچ گئی اور شواہد تلاش کیے۔
اس حوالے سے پولیس حکام کا کہنا ہے کہ مقتول پولیس اہلکار دیر میں ڈیوٹی پر تعینات ہے اور چھٹی پر گھر آیا تھا۔
پولیس کے مطابق ملزمان پولیس اہلکار کو گھر کے قریب نشانہ بنانے کے بعد باآسانی فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق یہ واقعہ ذاتی رنجش یا دشمنی کا شاخسانہ ہے تاہم دیگر امکانات کو بھی نظر انداز نہیں کیا جاسکتا۔ واردات کی تمام پہلوؤں سے تحقیقات کی جائیں گی۔
مزید پڑھیں : سوات میں انسداد پولیو ٹیم پر حملہ، لیویز اہلکار جاں بحق
یاد رہے کہ سوات کے علاقے تحصیل مٹہ کے علاقے ارکوٹ میں انسداد پولیو ٹیم پر نامعلوم افراد کی جانب سے انسدادِ پولیو ٹیم پر فائرنگ کی گئی، حملے کے نتیجے میں لیویز اہلکار عبد الکبیرجاں بحق ہوگیا۔



