کراچی :شہر قائد اور اس کے مضافات میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے ہیں جس کی شدت 5.2 اور گہرائی 12 کلومیٹر ریکارڈ کی گئی۔
اطلاعات کے مطابق یہ جھٹکے کراچی میں کلفٹن اور صدر سمیت مختلف علاقوں میں محسوس کیے گئے، جو شہر کے مختلف علاقوں میں رات 12 بج کر 51 منٹ پر محسوس کیے گئے۔
زلزلے کے باعث شہریوں میں خوف و ہراس پھیل گیا اور کئی علاقوں میں لوگ کلمہ طیبہ کا ورد کرتے گھروں اور دفاتر سے باہر نکل آئے۔
اس حوالے سے زلزلہ پیما مرکز کا کہنا ہے کہ سونمیانی میں 5.2شدت کے زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔ ابتدائی طور پر زلزلے کی گہرائی 12کلومیٹر ریکارڈ کی گئی ہے، زلزلے کا مرکز کراچی سے87کلومیٹرشمال مغرب تھا۔
اطلاعات کے مطابق زلزلے کے جھٹکے کراچی کے علاقوں سائٹ ایریا، صدر، کلفٹن میں محسوس کیے گئے، اس کے علاوہ زلزلے کے جھٹکے ڈی ایچ اے فیز 8 ،پی ای سی ایچ ایس میں بھی محسوس کیے گئے ہیں۔
پی ای سی ایچ ایس، شاہ فیصل کالونی اور لیاقت آباد اور بفر زون میں بھی زلزلے کی شدت محسوس کی گئی۔ لیاقت آباد کے مکینوں نے جھٹکوں کو خاصا شدید قرار دیا۔
دوسری جانب شہر کے دیگر مقامات سے بھی زلزلے کے جھٹکوں سے متعلق اطلاعات موصول ہوئی ہیں تاہم خوش قسمتی سے کسی قسم کے جانی و مالی نقصان کی تصدیق نہیں ہوسکی ۔



