لاہور : پنجاب کے مختلف شہروں میں دھند کا راج ہے، حد نگاہ کم ہونے کے باعث موٹر ویز متعدد مقامات پر ٹریفک کیلیے بند کردی گئی ہے۔
اس حوالے سے ترجمان موٹر وے پولیس کا کہنا ہے کہ دھند کی تازہ صورتحال کے پیش نظر موٹر وے ایم تھری کو فیض پور سے رجانہ تک دھند کی وجہ سے بند کردیا گیا ہے۔
موٹروے پولیس کے مطابق دھند کے باعث موٹر وے ایم 2 لاہور سے ہرن مینار، موٹر وے ایم5ملتان سے ظاہر پیر تک دھند کی وجہ سے بند کردی گئی ہے، لاہور سیالکوٹ ایم11موٹر وے دھند کی وجہ سے بند کردیا گیا۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ موٹر ویز کی بندش کا مقصد عوام کی جانوں ومال کا تحفظ ہے، دھند میں لین کی خلاف ورزی خطرناک حادثات کا باعث ہوسکتی ہے، ڈرائیور حضرات فوگ لائٹس لازمی استعمال کریں۔
ترجمان موٹر ویز پولیس کی جانب سے شہریوں کو غیر ضروری سفر سے گریز کی ہدایت کی گئی ہے، ڈرائیورز کو فوگ لائٹس استعمال کرنے کا مشورہ دے دیا گیا۔



