(12 جولائی 2026): بھارتی ریاست کیرالا میں 18 ماہ کا بچہ مبینہ طور پر اینستھیزیا دینے کے بعد دل کا دورہ پڑنے سے چل بسا۔
انڈین میڈیا رپورٹس کے مطابق شیر خوار بچے کے اہلخانہ نے خاتون ڈاکٹر پر طبی غفلت کا الزام لگایا، جس کے بعد پولیس نے مقدمہ درج کر کے تحقیقات شروع کر دیں۔
18 امہ کے بچے کو ہونٹ پر زخمی کی وجہ سے ٹانکے لگانے کیلیے اینستھیزیا دیا گیا، جس کے بعد وہ پانچ دن تک تشویشناک حالت میں رہا، آج اس کا پوسٹ مارٹم مکمل کر لیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں: دوران میچ نوجوان کرکٹر دل کا دورہ پڑنے سے پچ پر ہی چل بسا
دیوانش نامی بچہ 5 جولائی کو اپنے گھر کے صحن میں کھیلتے ہوئے گرا، جس سے اس کے ہونٹ پر کٹ لگ گیا تھا۔ اسے بیبی میموریل اسپتال لے جایا گیا، جہاں زخم پر ٹانکے لگانے کیلیے اسے بے ہوشی کی دوا اینستھیزیا دی گئی، جس کے فوراً بعد اس کی حالت بگڑ گئی اور وہ دوبارہ ہوش میں نہ آیا۔
بیبی میموریل اسپتال نے بچے کے اہلخانہ کے طبی غفلت کے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے بتایا کہ بچے کو اینستھیزیا دینے کے فوراً بعد اچانک دل کا دورہ پڑا تھا، جس پر اسے فوری طور پر وینٹی لیٹر پر شفٹ کیا گیا۔
اسپتال انتظامیہ نے کہا کہ دوا کی بالکل صحیح اور نپی تلی مقدار دینے کے باوجود بھی اینستھیزیا کے بعد ایسی پچیدگیاں پیدا ہو سکتی ہیں، ڈاکٹروں نے سرجری کے دوران تمام طبی قوانین پر عمل کیا تھا اور بچے کی جان بچانے کیلیے ہر ممکن کوشش کی گئی تھی۔



