گھوٹکی : سندھ کے ضلع گھوٹکی میں مرید شاخ انٹر چینج ایم فائیو پر15 سے 20 مسلح ڈاکوؤں نے مسافر بس فائرنگ کی اور18 مردوں کو اغوا کرلیا۔ عینی شاہد نے آنکھوں دیکھا حال بتا دیا۔
گھوٹکی کے علاقے گڈو کشمور لنک روڈ سے گزرنے والی مسافر کوچ پر ڈاکوؤں نے اچانک حملہ کردیا، بس میں سوارمسافرنے بتایا کہ اس موقع پر 15سے 20 ڈاکوؤں نے بس پر فائرنگ کی، جس سے 3 ٹائر برسٹ ہوگئے۔
عینی شاہد کے مطابق ڈاکوؤں نے بس سے صرف مرد مسافروں کو تشدد کرتے ہوئے نیچے اتارا، جن کے ساتھ خواتین تھیں انہیں چھوڑ دیا گیا۔
خوف وہراس پھیلانے کیلیے ڈاکو جدید اسلحے سے آدھے گھنٹے تک شدید فائرنگ کرتے رہے، واقعے کے آدھے گھنٹے بعد پولیس جائے وقوعہ پر پہنچی۔
تازہ ترین اطلاعات کے مطابق پولیس اور رینجرز کی جانب سے ڈاکوؤں کا تعاقب جاری ہے، پولیس کے مطابق ڈاکوؤں کے تعاقب کے لیے گنے کی فصل کو چاروں جانب سے گھیرے میں لے لیا گیا ہے۔
ڈھرکی پولیس کا کہنا ہے کہ مسافروں کے اغوا کی حتمی تعداد کے بارے میں فوری کچھ نہیں بتاسکتے۔ عینی شاہد مسافر کے مطابق مسافروں کو اغوا کر کے گنے کی فصل میں لے جایا گیا ہے۔
بس میں سوار مسافروں کے اغوا ہونے کے علاوہ کچھ مسافر بھی خوف کی وجہ سے اب تک لاپتہ ہیں جن کے بارے میں خیال کیا جارہا ہے کہ وہ جان بچا کرقریبی آبادی کی جانب روانہ ہوئے ہیں۔
قبل ازیں گھوٹکی میں مرید شاخ گڈو انٹرچینج کے قریب مسافر کوچ پر ڈاکوؤں نے فائرنگ کے بعد بس روک کر مسافروں کو یرغمال بنایا تھا۔
ڈاکوؤں کی ابتدائی فائرنگ سے ڈرائیورسمیت متعدد مسافرزخمی بھی ہوئے، پولیس کے مطابق زخمیوں کو طبی امداد کیلیے رحیم یارخان کے اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔
گڈوکشمور لنک روڈ پر ڈاکوؤں کا بس پر حملہ، 10سے زائد مسافروں کو اغوا کرلیا



