کراچی : حکومت اور گڈز ٹرانسپورٹرز کے درمیان مذاکرات کی کامیابی کے بعد ہڑتال ختم کردی گئی جس کے بعد بندرگاہوں پر کنٹینرز کی لائن لگ گئی۔
اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق کراچی میں گڈزٹرانسپورٹرز کی ہڑتال ختم ہونے کے بعد بندرگاہوں پر کنٹینرز کی لوڈنگ شروع ہوگئی۔
کراچی کی دونوں بندرگاہوں کے چاروں کنٹینرز ٹرمینلز پر مال بردار ٹرکوں کا رش لگا ہوا ہے، شہر میں مال بردار گاڑیوں کی آمد و رفت کے باعث ٹریفک کا دباؤ بڑھ گیا۔
سہراب گوٹھ، لیاقت آباد، گلبائی میں ٹریلرز کی لمبی لمبی قطاریں لگ گئیں جس کے سبب سڑکوں پرٹریفک کے دباؤ میں اضافہ ہوگیا۔
اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ پورٹ قاسم اور کراچی پورٹ کے کنٹینرز ٹرمینلز 80فیصد تک بھرچکے تھے۔
دوسری جانب ایف پی سی سی آئی کے نائب صدر امان پراچہ نے کہا ہے کہ کنٹینرز پر ڈیمریجز اور ڈیٹینش چارجز معاف کرنے کی اپیل کرتے ہیں، ایکسپورٹر اور امپورٹرز کو خام مال کی ترسیل بند ہونے سے پہلے ہی کروڑوں کا نقصان ہو چکا ہے۔
مزید پڑھیں: کراچی میں ٹرانسپورٹرز کی ہڑتال کب تک جاری رہے گی؟ اہم پیشرفت
یاد رہے کہ مذاکرات کے بعد صدر گڈز ٹرانسپورٹرز شہزاد اعوان نے کہا تھا کہ نوٹیفکیشن کے ملتے ہی ہڑتال ختم کرنے کا اعلان کردیں گے، احتجاجی کیمپ میں بیٹھے نوٹیفکیشن کا انتظار کررہے ہیں۔



