متحدہ عرب امارات کے قونصل جنرل بخیت عتیق الرومیتی کا کہنا ہے کہ کراچی میں دبئی کلچر کو فروغ دینے کے لیے ہر ممکن اقدامات کررہے ہیں۔
اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق شہر قائد میں ایک خصوصی تقریب کا اہتمام کیا گیا جس میں قونصل جنرل متحدہ عرب امارات بخیت عتیق الرومیتی بطورِ مہمانِ خصوصی شریک ہوئے۔
اس پروقار تقریب میں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی شخصیات بھی موجود تھیں، تقریب کا مقصد پاکستان اور یو اے ای کے درمیان ثقافتی روابط کو فروغ دینا تھا۔
بخیت عتیق الرومیثی نے کہا کہ کراچی ہمارا دل ہے، کراچی میں دبئی کلچر کے فروغ کیلئے مستقبل میں ایسے منصوبے شروع کیے جائیں گے جو دونوں ملکوں کے ثقافتی تعلقات کو مزید مضبوط بنائیں گے۔
ایکسپو سینٹر میں تین روزہ کھجور فیسٹیول
یاد رہے کہ گزشتہ ماہ کے وسط میں ایکسپو سینٹر کراچی میں متحدہ عرب امارات کے تعاون سے جاری تین روزہ، دوسرا بین الاقوامی کھجور پام فیسٹیول کا اہتمام کیا گیا تھا۔
کھجور فیسٹیول میں پاکستان اور بیرون ملک سے کھجور کے شعبے سے وابستہ سینکڑوں پاکستانی کاشتکار، برآمد کنندگان، بین الاقوامی ماہرین اور کراچی کے شہریوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی تھی۔
تین روزہ انٹرنیشنل کھجور پام فیسٹیول میں پاکستان سمیت متحدہ عرب امارات، مصر اور اردن سمیت متعدد ممالک کے اسٹالز لگائے گئے تھے جس میں پاکستانی کاشتکاروں کو کھجور کی مختلف اقسام، کاشتکاری کی تکنیک اور پیکیجنگ کے حوالے سے تجاویز پیش کیں گئیں۔
دنیا میں کھجور کے پانچویں بڑے پیدا کنندہ کے طور پر پاکستان تقریباً 535,000 ٹن سالانہ کھجور کی پیداوار دیتا ہے۔
اس بین الاقوامی کھجور پام فیسٹیول کا مقصد مقامی کاشتکاروں کو بین الاقوامی منڈیوں کی ضروریات پورا کرنے میں مدد فراہم کرنا تھا۔



