اسلام آباد (2 اپریل 2026): حکومت نے پیٹرول اور ڈیزل کی فی لیٹر قیمت میں ہوشربا اضافہ کرنے کا اعلان کر دیا جس سے مہنگائی کا ایک نیا طوفان آئے گا۔
وزیر مملکت برائے خزانہ علی پرویز ملک نے وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کے ہمراہ پریس کانفرنس میں اعلان کیا کہ حکومت نے پیٹرول کی فی لیٹر قیمت 458 روپے 40 پیسے جبکہ ڈیزل کی قیمت 520 روپے 35 پیسے مقرر کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
پیٹرول کی قیمت میں 138 جبکہ ڈیزل کی قیمت میں 184 روپے فی لیٹر اضافہ کیا گیا ہے جس کے بعد نئے نرخ بالترتیب 458 روپے 40 پیسے اور 520 روپے 35 پیسے ہوگئے۔ حکومتی اعلان کے بعد نئے نرخ تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: موٹرسائیکل سواروں کیلیے 100 روپے فی لیٹر سبسڈی کا اعلان
علی پرویز ملک نے پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ خلیج کی جنگ کی وجہ سے عالمی منڈیوں میں توانائی کی قیمتوں میں بے پناہ اضافہ ہوا ہے، صرف خطہ نہیں بلکہ پوری دنیا اس آگ کی لپیٹ میں ہے، آج حکومت مشکل اور ذمہ دارانہ فیصلے لینے جا رہی ہے، پچھلے دو سال میں وزیر اعظم شہباز شریف کی قیادت میں معاشی استحکام لائے، ہمیں نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار اور فیلڈ مارشل جنرل عاصم منیر کی قیادت میں بھرپور کوشش کرنی ہے کہ جلد یہ آگ بجھے۔
وزیر مملکت برائے خزانہ نے کہا کہ دبئی اور عمان سے پاکستان اپنی 80 فیصد توانائی کی ضرورتیں پورے کرتا ہے، آج عالمی منڈیوں میں خام تیل ڈھائی سو ڈالر کو بھی کراس کر گیا ہے، حکومت نے کفایت شعاری اقدامات کیے تاکہ عوام کو اس آگ کی تپش سے بچا سکیں، عوامی تحفظ کیلیے یکم مارچ سے اب تک وفاقی حکومت 129 ارب روپے خرچ کر چکی ہے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ ریلیف دینے کیلیے حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ کمزور طبقات کی طرف رخ کریں، اس حوالے سے آج بڑی بیٹھک ہوئی ہے جس میں وزیر اعظم شہباز شریف، فوجی قیادت اور وزرائے اعلیٰ موجود تھے، فیصلہ کیا گیا ہے کہ سبسڈی سے ہٹ کر کمزور طبقات کو ریلیف دیا جائے گا۔
نوٹیفکیشن جاری
حکومتی اعلان کے بعد پیٹرولیم ڈویژن نے نوٹیفکیشن جاری کر دیا جس کے مطابق پیٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا اطلاق 3 اپریل سے ہوگا، عالمی مارکیٹ میں اضافے کے بعد قیمتیں بڑھانے کا فیصلہ کیا گیا۔



