ملتان : ڈکیتی کے دوران خواتین سے نازیبا سلوک کرنے والے خطرناک ڈکیت گروہ کے 4 کارندے سرغنہ سمیت پولیس مقابلے میں مارے گئے۔
اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق ملتان میں ڈکیت گروہ کے بے رحم کارندے واردات کے دوران گھروں کی خواتین سے زیادتی میں بھی ملوث تھے۔
ملتان میں 28دسمبر 2017 کو پولیس اسٹیشن سیتل ماڑی کو ڈکیتی کی اطلاع ملی، مقدمے کے مطابق ڈکیت گروہ نے ایک گھر میں گھس کر میاں بیوی کو یرغمال بنایا۔
ڈکیتوں نے نقدی، سامان اور زیورات لوٹے جبکہ ملزمان نے شوہر کو رسیوں سے باندھ کر کمرے میں بند کردیا اور گھر کی خاتون کو تشدد اور بے حرمتی کا نشانہ بناتے رہے۔
بعد ازاں پولیس نے خفیہ اطلاعات اور مخبروں کی مدد سے ملزمان کی نگرانی شروع کی، سادہ لباس اہلکار مختلف مشکوک مقامات پر تعینات کیے گئے، جس کے نتیجے میں ڈکیت گروہ کے تین اہم ارکان گرفتار کرلیے گئے۔ گرفتار ملزمان نے دورانِ تفتیش متعدد سنگین وارداتوں کا اعتراف کیا اور اپنے دیگر ساتھیوں کے نام بھی ظاہر کیے۔
بعد ازاں پولیس نے گرفتار ملزمان کی نشاندہی پر دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے چھاپہ مار کارروائی کی، کارروائی کے دوران ملزمان نے پولیس پر فائرنگ کردی، جس کے جواب میں پولیس نے جوابی کارروائی کی۔ فائرنگ کے تبادلے میں 4 ملزمان مارے گئے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ شہری جرائم کی روک تھام کے لیے قانون نافذ کرنے والے اداروں سے تعاون کریں اور کسی بھی مشکوک سرگرمی کی فوری اطلاع دیں تاکہ معاشرے کو ایسے خطرناک عناصر سے پاک کیا جاسکے۔



