اداکارہ غزالہ صدیق نے انکشاف کیا ہے کہ ’ماروی‘ میں بکری کے بچے نے سب کی دوڑیں لگوا دی تھیں۔
اے آر وائی ڈیجیٹل کے پروگرام ’گڈ مارننگ پاکستان‘ میں سینئر اداکارہ غزالہ صدیق نے شرکت کی اور اس دوران ڈرامہ سیریل ماروی کی شوٹنگ کے دوران پیش آنے والا دلچسپ واقعہ بھی شیئر کیا۔
انہوں نے کہا کہ میرے پلے کی ریکارڈنگ کی تھی جس کے لیے پہلی مرتبہ کراچی سے باہر گئی تھی، میں بہت ڈر پوک تھی اور مجھے کسی ڈرامے میں سائن کیا جاتا تھا تو منع کردیتی تھی کہ کراچی سے باہر نہیں جاؤں گی۔
اداکارہ نے کہا کہ ماروی کی ریکارڈنگ کے دوران صحرا کے بہت سے سین کراچی میں شوٹ کیے، پہلی مرتبہ میں کراچی سے باہر گئی اس دوران والدہ ساتھ تھیں ایک سین میں مجھے بکری کے بچے کو گود میں لینا تھا اور اس کے ساتھ کھیلنا تھا۔
یہ پڑھیں: ہم 7 بہنیں ہیں، والد بیٹیوں کی پیدائش پر بہت خوش ہوتے تھے، غزالہ صدیق
غزالہ صدیق نے کہا کہ بکری کے بچے کی وجہ سے شوٹنگ لیٹ ہوئی کیونکہ وہ کسی کے ہاتھ نہیں آرہا تھا جو بھی اسے پکڑنے کی کوشش کرتا وہ بھاگ جاتا، میری والدہ بھی اسے پکڑنے میں ناکام رہیں۔
انہوں نے بتایا کہ جب وہ بکری کا بچہ خود بھاگ بھاگ کر تھک گیا تو ایک جگہ بیٹھ گیا جس کے بعد اسے پکڑ کر وہ سین مکمل کیا گیا تھا۔
واضح رہے کہ ڈرامہ سیریل ’ماروی‘ بلاک بسٹر ثابت ہوا تھا جس مین غزالہ صدیق نے بھی اہم کردار نبھایا تھا جسے مداحوں کی جانب سے بھرپور پذیرائی ملی تھی۔



