لاہور : بھاٹی گیٹ کے علاقے کی سیوریج لائن میں گرنے والی ماں اور بیٹی کی تلاش میں کئی گھنٹے بعد عورت کی لاش مل گئی جبکہ بچی کی تلاش کیلیے کوششیں جاری ہیں۔
اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق لاہور کےعلاقے بھاٹی دروازہ میں ماں اور بیٹی کے سیوریج لائن میں گرنے کے واقعہ میں بڑی پیش رفت سامنے آئی ہے۔ خاتون کی لاش مل گئی جبکہ بچی کی تلاش جاری ہے۔
اس حوالے سے ڈی آئی جی فیصل کامران نے میڈیا کو بتایا کہ سیوریج لائن میں گرنے والی خاتون 24 سالہ سعدیہ کی لاش آؤٹ فال روڈ پر سیوریج لائن سے مل گئی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ سیوریج لائن میں ماں کے ساتھ گرنے والی10ماہ کی ردا کی تلاش جاری ہے، واقعے کی تحقیقات کے لیے اعلیٰ سطح کمیٹی تشکیل دے دی، کمیٹی سے متعلق نوٹی فکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے۔
ڈی آئی جی کا مزید کہنا ہے کہ پانی کا بہاؤ زیادہ ہونے کی وجہ سے لاش بہہ کر دور چلی گئی تھی، تمام ادارے اس وقت مل کر کام کررہے ہیں، کمیٹی تحقیقات کرکے 24گھنٹے میں اپنی رپورٹ دے گی۔
فیصل کامران نے بتایا کہ متوفیہ خاتون کی فیملی اگر مقدمہ درج کرانا چاہے گی تو مقدمہ درج کیا جائے گا،
پروجیکٹ ڈائریکٹر ایل ڈی اے، ڈائریکٹر ٹیپا شبیرحسین کو معطل کردیا گیا ہے۔
ماں بیٹی کے سیوریج لائن میں گرنے والے واقعے پر وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ہدایت پر غفلت کے مرتکب متعلقہ افسران کو فوری معطل کردیا گیا ہے۔
اس سلسلے میں ترجمان محکمہ ہاؤسنگ پنجاب نے بتایا کہ سیکرٹری ہاؤسنگ نے پراجیکٹ ڈائریکٹر زاہد عباس کی معطلی کے احکامات جاری کردیے ہیں جبکہ ڈائریکٹر ٹیپا شبیرحسین کو غفلت اور نااہلی پر معطل کردیا گیا ہے۔



