اسلام آباد 3 جنوری 2026: عالمی ڈیجیٹل آپریٹر ویون گروپ نے پاکستان میں سرمایہ کاری کا اعلان کر دیا ہے۔
عالمی ڈیجیٹل آپریٹر کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق پاکستان کے بینکاری نظام پر بین الاقوامی ویون گروپ نے اعتماد کا اظہار کیا اور ڈیجیٹل اسلامی بینکاری کے فروغ کیلیے 2 کروڑ ڈالر سرمایہ کاری کا اعلان کیا ہے۔
اعلامیے کے مطابق رقم سے چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباری اداروں کی ترقی کو فروغ ملے گا، سرمایہ کاری اسلامی بینکاری سہولتوں کی بہتری اور جدید بینکنگ ٹیکنالوجی کے فروغ کیلیے استعمال ہوگی۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستان کے معدنیات کے شعبے میں اربوں ڈالرز کی سرمایہ کاری کا اعلان
مزید بتایا گیا کہ بینکاری سہولت سے محروم کاروباری افراد بالخصوص خواتین کی کاروباری شمولیت کو فروغ ملےگا، مالی خود مختاری اور صلاحیتوں کے فروغ پر خصوصی توجہ دی جائے گی، یہ سرمایہ کاری ویون گروپ کی جانب سے ملکی بینکاری شعبے کی ترقی میں تعاون کا تسلسل ہے۔
واضح رہے کہ 20 دسمبر 2025 کو ماڑی منرلز لمٹیڈ اور گلوبا کور منرلز کے درمیان معدنی وسائل کی تلاش کا معاہدہ ہوا تھا، گلوبا کور منرلز جوانئٹ وینچر ایگریمنٹ کے ذریعے بلوچستان میں معدنیات کے شعبے میں سرمایہ کاری کرے گا۔
پاکستان کے پانچ بڑے بزنس گروپس لیک سٹی ہولڈنگز، فاطمہ گروپ، دین گروپ، ہلٹن گروپ اور سورتی گروپ نے بلوچستان میں اربوں ڈالرز کی انویسٹمنٹ کا اعلان کیا، ان کاروباری گروپس کی مارکیٹ ویلیو 5 ارب ڈالرز ہے۔
ماڑی منرلز لمٹیڈ ماڑی انرجیز کی ملکیتی کمپنی ہے جبکہ گلوبا کور لمٹیڈ بلوچستان میں سونے اور تانبے کے ذخائر کی تلاش میں مہارت اور تجربہ رکھتی ہے، معاہدے کے تحت چاغی میں قیمتی معدنیات کی تلاش میں سرمایہ کاری کی جائے گی۔
معاہدے پر دستخط کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سابق وفاقی وزیر گوہر اعجاز نے کہا تھا کہ بلوچستان معدنی وسائل سے مالا مال صوبہ ہے، پاکستان کی مقامی کمپنیاں صوبے میں انویسٹمنٹ کر رہی ہیں اس سے ترقی اور خوشحالی کا دور شروع ہوگا، روزگار کے مواقع ملیں گے اور ملکی معاشی تقدیر بھی بدلے گی۔
گوہر اعجاز نے مزید کہا تھا کہ پاکستان میں بین الاقوامی انویسٹمنٹ لانے سے پہلے مقامی سرمایہ کاری کا فروغ بے حد ضروری ہے، پاکستان کو انویسٹمنٹ کی ضرورت ہے، بیرک گولڈ کمپنی کی طرح پاکستان کی مقامی کمپنیاں بھی معدنیات کے شعبے میں انویسٹمنٹ کر رہی ہیں۔



