کراچی (29 دسمبر 2025): سابق پاکستانی کرکٹر عماد وسیم کی سابق اہلیہ ثانیہ اشفاق نے طلاق پر شادی ختم ہونے کی اصل وجہ بتا دی۔
عماد وسیم اور ثانیہ اشفاق 2019 میں رشتہ ازدواج میں منسلک ہوئے تھے، ان کے تین بچے ہیں۔ آل راؤنڈر عماد وسیم نے دسمبر 2024 میں بین الاقوامی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ لی تھی اور اس وقت بنگلہ دیش پریمیئر لیگ (BPL) کھیلنے میں مصروف ہیں۔
ثانیہ اشفاق نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ سے بیان جاری کیا جس میں عماد وسیم کی سابق اہلیہ نے بتایا کہ میں یہ تحریر شدید دکھ کی کیفیت میں لکھ رہی ہوں، میرا گھر ٹوٹ چکا ہے اور میرے بچے اپنے والد کے سائے سے محروم ہو گئے ہیں، میں تین بچوں کی ماں ہوں جن میں ایک پانچ ماہ کا شیر خوار بچہ بھی شامل ہے جسے ابھی تک اس کے باپ نے گود میں بھی نہیں لیا۔
یہ بھی پڑھیں: عماد وسیم کا اہلیہ ثانیہ اشفاق سے علیحدگی کا اعلان
عماد وسیم کی سابق اہلیہ نے کہا کہ یہ وہ کہانی نہیں تھی جو میں سنانا چاہتی تھی لیکن میری خاموشی کو کبھی کمزوری نہ سمجھا جائے، بہت سی دیگر شادیوں کی طرح ہماری ازدواجی زندگی کو بھی مشکلات کا سامنا تھا لیکن یہ بندھن پھر بھی قائم تھا۔
View this post on Instagram
’میں نے ایک بیوی اور ماں کے طور پر اپنی ذمہ داریاں نبھائیں اور اپنے خاندان کو بچانے کی مخلصانہ کوششیں کیں۔ جس چیز نے بالآخر اس شادی کا خاتمہ کیا وہ ایک تیسری شخصیت کی مداخلت تھی جس کا مقصد میرے شوہر سے شادی کرنا تھا اور یہی عمل ہماری پہلے سے جدوجہد کرتی ہوئی ازدواجی زندگی کیلیے فیصلہ کن ضرب ثابت ہوا۔‘
انہوں نے مزید بتایا کہ میں نے حمل کی حالت اور کمزوری کے عالم میں شدید ذہنی اذیت، بدسلوکی اور بے وفائی کا سامنا کیا لیکن اپنے بچوں کی خاطر اور اپنے گھر کے وقار کیلیے صبر کو ترجیح دی۔
ثانیہ اشفاق نے قرآنی آیات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اللہ فرماتا ہے ’اور تم ہرگز یہ نہ سمجھنا کہ اللہ اس (ظلم) سے غافل ہے جو ظالم لوگ کر رہے ہیں‘ (سورۃ ابراہیم 14:42)، اور اللہ یہ بھی فرماتا ہے ’پاکیزہ عورتیں پاکیزہ مردوں کیلیے ہیں اور پاکیزہ مرد پاکیزہ عورتوں کیلیے ہیں‘ (سورۃ النور 24:26)۔
وہ کہتی ہیں کہ یہ بتانا بہت ضروری ہے کہ اس معاملے میں ملوث ہر شخص کے خلاف دستاویزی ثبوت موجود ہیں لیکن مجھے دھمکایا جا رہا ہے کہ میں انہیں عوامی سطح پر نہ لاؤں، جو بھی شخص مجھے دھمکانے کی کوشش کرے گا اسے قانونی کارروائی کا سامنا کرنا پڑے گا۔



