لاہور (23 دسمبر 2025): روزانہ 2 لاکھ لیٹر جعلی دودھ تیار کر کے سہلائی کرنے والے 2 گروہوں کے سرغنہ کو گرفتار کر لیا گیا۔
پنجاب فوڈ اتھارٹی کے ڈی جی عاصم جاوید نے بتایا کہ جعلی دودھ کا نیٹ ورک چلانے والے 2 گروہوں کے سرغنہ کو چکوال اور راولپنڈی سے گرفتار کیا گیا، ملزم رؤف بھٹی کو چکوال اور ملزم مقصود بھٹی کو راولپنڈی سے گرفتار کیا گیا۔
ڈی جی عاصم جاوید نے بتایا کہ ملزم مقصود بھٹی 6 اور ملزم رؤف بھٹی 8 مقدمات میں عرصے سے پولیس کو مطلوب تھے، ملزمان روزانہ 2 لاکھ لیٹر جعلی دودھ تیار کر کے پنجاب بھر میں سپلائی کرتے تھے۔
یہ بھی پڑھیں: مردہ مرغیوں کی بڑی سپلائی ناکام، ایک ہزار کلو گوشت برآمد
انہوں نے بتایا کہ صوبہ بدر ہونے پر ملزمان نے دوسرے صوبوں اور وفاق میں یونٹس لگانے کی کوشش کی، صوبہ بدر ہونے کے باوجود ان کی سرگرمیاں ریاستی رٹ کو چیلنج کرتی تھیں۔
ان کا مزید بتانا تھا کہ پنجاب فوڈ اتھارٹی کی ریکی اور انٹیلی جنس سے ملزمان کے تمام یونٹس بند کروائے گئے، پنجاب میں رؤوف بھٹی اور مقصود بھٹی کے تمام ٹھکانے بند کر دیے گئے، ملزمان کے خلاف فیصل آباد، چکوال، وہاڑی، بہاولنگر اور راولپنڈی میں مقدمات درج ہیں۔
پنجاب فوڈ اتھارٹی نے اکتوبر میں بروقت کارروائی کرتے ہوئے میانوالی کے شہریوں کو بیمار اور مردہ مرغیوں کا گوشت کھانے سے بچا لیا تھا۔
کارروائی رات گئے ناکہ لگا کر عمل میں لائی گئی تھی جس کے تحت 1600 کلو بیمار اور مردہ مرغیوں کو ڈمپنگ سائٹ پر تلف کیا گیا تھا۔
تحصیل پپلاں میں بیمار اور مردہ مرغیوں سے بھری گاڑی پکڑی جس کا ڈرائیور فرار موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا تاہم ایک شخص جو کہ ڈرائیور کا ساتھی تھا اسے پکڑ لیا گیا۔
ہرنولی پولیس اسٹیشن میں ملزمان کے خلاف قانونی کارروائی کا آغاز کیا گیا، بیمار اور مردہ مرغیوں کو شہر کے مختلف ہوٹلز میں سپلائی کیا جانا تھا۔



