وزارت اطلاعات و نشریات کا پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں تبدیلی سے متعلق اہم بیان سامنے آگیا۔
وزارت نے واضح کیا ہے کہ حکومت نے پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں ردوبدل کا نوٹیفکیشن جاری نہیں کیا اس حوالے سے سوشل میڈیا پر گردش کرنے والا پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ردوبدل کا نوٹیفکیشن جعلی ہے۔
وزارت نے کہا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ردوبدل کافیصلہ کل متوقع ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ عالمی سطح پر قیمتوں میں کمی کے بعد پاکستان میں ڈیزل کی قیمت میں ریکارڈ 90 سے 100 روپے فی لیٹر تک کمی کی جا سکتی ہے جب کہ پٹرول کی قیمت میں 50 سے 60 روپے کے درمیان فی لیٹر کمی ہوگی۔
تاہم پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حتمی کمی کا اعلان وزیراعظم شہباز شریف کی منظوری کے بعد کیا جائے گا۔ اگر مذکورہ کمی کی تجاویز منظور کی جاتی ہیں تو پٹرول اور ڈیزل کی نئی قیمت کم ہو کر بالترتیب 313 سے 323 اور ڈیزل کی قیمت 420 سے 430 روپے فی لیٹر ہو جائیں گی۔
واضح رہے کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ ریکارڈ اضافے کے بعد وفاقی اور صوبائی حکومتوں نے موٹر سائیکل، رکشا، گڈز اور پبلک ٹرانسپورٹ سمیت کسانوں کے لیے ریلیف پیکیجز کا بھی اعلان کیا تھا۔



