چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر کے نام پر ہیکرز نے پانچ لاکھ روپے لوٹ لیے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے کہا کہ میرا واٹس ایپ اکاؤنٹ بحال ہوگیا ہے، مجھے موبائل نمبر تبدیل کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے جو جلد کرلوں گا۔
انہوں نے کہا کہ یاسر ایڈووکیٹ نے پانچ لاکھ روپے بھیجے تھے جو میں واپس کردوں گا۔
بیرسٹر گوہر نے اکاؤنٹ ریکور کرنے پر ایف آئی اے کا شکریہ ادا کیا ہے، ایف آئی اے مزید تحقیقات کررہی ہے میں ان کے کردار کو سراہتا ہوں۔
واضح رہے کہ چند روز قبل بیرسٹر گوہر علی خان کا واٹس ایپ اکاؤنٹ ہیکرز نے ہیک کر لیا تھا، جس کے بعد ان کے نمبر سے مختلف لوگوں کو میسجز بھیج کر پیسوں کا مطالبہ کیا جا رہا تھا۔
انہوں نے تصدیق کی تھی کہ ان کے واٹس ایپ اکاؤنٹ پر اب ان کا مکمل اختیار نہیں رہا، ان کا موبائل نمبر ابھی بھی ایکٹیو نظر آ رہا ہے اور ہیکرز اس کا فائدہ اٹھاتے ہوئے ان کے کانٹیکٹ لسٹ میں موجود افراد سے پیسے مانگ رہے ہیں۔
چیئرمین پی ٹی آئی نے فوری طور پر ایف آئی اے کے سائبر کرائم ونگ سے رابطہ کر لیا ہے تاکہ ان کے نجی ڈیٹا کا غلط استعمال روکا جا سکے۔



