حکومت نے بازار اور دکانیں بند کرنے کے اوقات کار تبدیل کردیے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کی زیر صدارت اجلاس میں کفایت شعاری اقدامات کا جائزہ لیا گیا جس میں کمیٹی نے ہدایت کی کہ صوبائی حکومتیں وفاق سے رابطے میں رہتے ہوئے ہدایات پر موثر عملدرآمد یقینی بنائیں۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ دکانیں، بازار، شاپنگ مالز اور کاروباری مراکز رات 9 بجے تک کھلے رہیں گے۔
ریسٹورنٹس اور کھانے پینے کے مراکز رات 11 بجے تک کھلے رہیں گے، ٹیک اوے اور ڈیلیوری سروسز کو استثنیٰ ہوگا۔
علاوہ ازیں شادی ہالز اور تقریبات کے مقامات رات 10 بجے تک کھلے رہیں گے، فارمیسی، اسپتال، پیٹرول پمپس، آئی ٹی اور ٹیلی کام سے متعلق اداروں کو استثنیٰ ہوگا۔
واضح رہے کہ رات 8 بجے دکانیں بند کروانے پر پنجاب کے تاجروں نے تشویش کا اظہار کیا تھا۔
تاجر رہنماؤں کا کہنا تھا کہ گرمی کی شدت اور کاروباری مندی کے باعث رات کے اوقات میں کام کا دورانیہ کم کرنے سے ان کی سیلز شدید متاثر ہوں گی، اس لیے حکومت کو اپنے فیصلے پر نظرثانی کرنی چاہیے۔



