(9 اپریل 2026): اسلام آباد میں امریکا ایران مذاکرات کے پیش نظر راولپنڈی میں بھی دو روزہ عام تعطیل کا اعلان کر دیا گیا۔
ڈپٹی کمشنر راولپنڈی حسن وقار نے شہر میں 9 اور 10 اپریل کو عام تعطیل کا اعلان کیا۔ انہوں نے کہا کہ اسلام آباد کی طرح راولپنڈی میں بھی 2 دن کی تعطیل ہوگی۔
ایران اور امریکا کے مذاکرات کے باعث وفاقی دارالحکومت میں 2 روز کی تعطیل کا اعلان بھی کیا گیا ہے۔ نوٹیفکیشن کے مطابق اسلام آباد میں 9 اور 10 اپریل کو عام تعطیل ہوگی۔
یہ بھی پڑھیں: ایران امریکا مذاکرات: اسلام آباد کے شہریوں کیلیے اہم خبر
اسلام آباد میں واقع تمام وفاقی سرکاری دفاتر کل بند رہیں گے، تمام افسران، سیکریٹری اسٹاف ورک فرام ہوم کریں گے اور شہر سے باہر نہیں جا سکیں گے۔
واضح رہے کہ امریکا ایران براہ راست مذاکرات اسلام آباد میں ہوں گے جس کیلیے تیاریاں آج سے شروع کی جا رہی ہیں۔
حکومتی ذرائع کے مطابق دونوں ممالک کے اعلیٰ سطح کے وفود 10 اپریل کو اسلام آباد میں میز پر بیٹھیں گے تاکہ خطے میں پائیدار امن کی راہ ہموار کی جا سکے۔
وزیر اعظم کابینہ کے اجلاس کے بعد تمام اتحادی جماعتوں کو مذاکراتی عمل اور اب تک ہونے والی پیشرفت پر اعتماد میں لیں گے۔
شہباز شریف کی صدر مملکت آصف علی زرداری سے بھی ملاقات ہوگی جس میں خطے کی مجموعی صورتحال اور امن کی کوششوں میں پاکستان کے کلیدی کردار کا جائزہ لیا جائے گا۔



