اسلام آباد (25 اپریل 2026): حکومت کو ایل این جی کے اسپاٹ کارگوز کی درآمد میں بڑی کامیابی ملی ہے، جہاں مختلف بین الاقوامی کمپنیوں کی جانب سے بولیاں موصول ہونے کے بعد جانچ پڑتال کا عمل مکمل کر لیا گیا ہے۔
پاکستان ایل این جی لمیٹڈ (پی ایل ایل) کے مطابق 27 تا 30 اپریل اور یکم تا 7 مئی کے لیے ایل این جی کارگوز کی بولیاں موصول ہوئیں، جبکہ 8 تا 14 مئی کے عرصے کے لیے بھی ایک بولی جمع کرائی گئی ہے۔
موصولہ تفصیلات کے مطابق ٹوٹل انرجیز گیس اینڈ پاور لمیٹڈ نے 27 تا 30 اپریل کے کارگوز کے لیے 18.88 ڈالر فی ایم ایم بی ٹی یو کی کم ترین بولی دی۔ اسی طرح وٹول بحرین نے یکم تا 7 مئی کے لیے 18.54 ڈالر کی بولی جمع کرائی، جب کہ او کیو ٹریڈنگ نے 8 تا 14 مئی کے عرصے کے لیے 17.99 ڈالر فی ایم ایم بی ٹی یو کی سب سے کم بولی پیش کی۔
حکام کا کہنا ہے کہ بولیوں کے جائزے کے بعد ایل این جی کی بروقت اور مسابقتی نرخوں پر فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے ضروری اقدامات کیے جا رہے ہیں، جس سے ملک میں توانائی کی ضروریات پوری کرنے میں مدد ملے گی۔



