اسلام آباد : لڑکی کو نوکری کا جھانسہ دے کر اس سے اجتماعی زیادتی کرنے والے مقدمے میں بڑی پیش رفت سامنے آئی ہے۔
عدالت نے لڑکی کے اجتماعی ریپ میں موقع واردات سے گرفتار کیے گئے دونوں ملزمان کا جسمانی ریمانڈ منظور کرلیا۔
عدالت نے پولیس کو ہدایت کی کہ تین روزہ ریمانڈ مکمل ہونے پر ملزمان کو دوبارہ عدالت میں پیش کیا جائے۔
تھانہ مارگلہ پولیس نے متاثرہ لڑکی کی درخواست پر مقدمہ درج کیا تھا جس میں فیصل جلال اور حفیظ اللہ کو ملزم نامزد کیا گیا تھا۔
مقدمے کے متن میں کہا گیا ہے کہ مذکورہ ملزمان نے نوکری دینے کے بہانے لڑکی کو پہلے ایک شاپنگ مال میں بلایا اور بعد ازاں بہانے سے ایک فلیٹ میں لے جاکر زبردستی زیادتی کی، اور اس دوران تھپڑ اور مکے مارے۔
متاثرہ لڑکی نے اس جرم کی اطلاع دینے کے لیے پولیس ہیلپ لائن 15 پر کال کی جس پر کارروائی کرتے ہوئے ڈیوٹی آفیسر اسسٹنٹ سب انسپکٹر خالد اور اسٹیشن ہاؤس آفیسر سلیم رضا جائے وقوعہ پر پہنچے اور ملزمان کو گرفتار کر لیا۔
مقدمے کے مطابق درخواست گزار لڑکی روزگار کی تلاش میں عارف والا کے گاؤں سے اسلام آباد آئی تھیں اور فیس بک کے ذریعے کال سینٹر میں نوکری کی تلاش کر رہی تھیں۔ تو ملزمان نے منصوبہ بندی کے تحت جرم کا ارتکاب کیا۔



