اسلام آباد : وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے برادرانہ تعلقات مشترکہ مذہبی و ثقافتی اقدار اور باہمی اعتماد کی بنیاد پر استوار ہیں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے متحدہ عرب امارات کے قومی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک خطے اور دنیا میں امن و استحکام، ترقی اور خوشحالی کے مشترکہ اہداف کے حصول کیلئے پر عزم رہیں گے۔
وزیر اعظم آفس کے میڈیا ونگ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستان کے عوام اور حکومت کی جانب سے متحدہ عرب امارات کے قومی دن کے مبارک موقع پر دلی مبارکباد پیش کرنا میرے لیے باعث اعزاز ہے، پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے دوطرفہ برادرانہ تعلقات باہمی خیرسگالی کے تاریخی رشتوں میں جڑے ہوئے ہیں جو دونوں ممالک کے لیے فخر کا باعث ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے تعلقات مشترکہ مذہبی و ثقافتی اقدار اور غیر متزلزل باہمی اعتماد کی مضبوط بنیادوں پر قائم ہیں، یہ بنیادیں عظیم رہبر مرحوم شیخ زاید بن سلطان آل نہیان کی دانا اور بصیرت افروز قیادت میں رکھی گئیں اور اس وقت سے اب تک صدر امارات اور حکمران ابوظہبی شیخ محمد بن زاید آل نہیان اور وزیراعظم امارات اور حکمران دبئی شیخ محمد بن راشد آل مکتوم کی سرپرستی میں مستحکم طور پر جاری ہیں اور آئندہ بھی ہمارے دونوں ممالک خطے اور دنیا میں امن و استحکام، ترقی اور خوشحالی کے مشترکہ اہداف کے حصول کے لیے پرعزم رہیں گے۔
انہوں نے کہا کہ اقتصادی، دوطرفہ تجارت، سرمایہ کاری اور دفاع کے شعبوں میں ہمارا تعاون دونوں ممالک کے عوام کی خوش حالی کی راہیں ہموار کرتا رہے گا، ہمارے دونوں عوام کے درمیان محبت و گرمجوشی دونوں طرف موجود باہمی الفت کا روشن ثبوت ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان متحدہ عرب امارات کی قیادت کے ساتھ اپنے مضبوط اور برادرانہ تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے، اس سلسلے میں متحدہ عرب امارات میں مقیم پاکستانی بھی بلاشبہ دونوں ممالک کی دوستی کو مضبوط بنانے میں مثبت کردار ادا کر رہے ہیں۔ انہوں نے دعا کی کہ دونوں ممالک کے تعلقات آئندہ بھی مضبوط سے مضبوط تر ہوں ۔ وزیر اعظم نے کہا کہ اس خصوصی موقع پر پوری پاکستانی قوم متحدہ عرب امارات کے لیے دیرپا امن، ترقی اور خوشحالی کی دعاگو ہے۔



