کینبرا : آسٹریلیا میں ہونے والی ایک نئی طبی تحقیق میں انکشاف کیا گیا ہے کہ جسم میں وٹامن ڈی کی کمی نہ صرف ہڈیوں کو کمزور بناتی ہے بلکہ دل کی شریانوں کے امراض اور ہائی بلڈ پریشر کے خطرے میں بھی نمایاں اضافہ کر سکتی ہے۔
تحقیق کے مطابق وٹامن ڈی کی کمی اور دل کی بیماریوں کے درمیان مضبوط تعلق پایا گیا ہے، محققین نے جینیاتی شواہد کی مدد سے معلوم کیا کہ جن افراد میں وٹامن ڈی کی سطح کم ہوتی ہے، ان میں مناسب مقدار رکھنے والے افراد کے مقابلے میں امراضِ قلب کا خطرہ دو گنا سے بھی زیادہ ہو سکتا ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ دنیا بھر میں دل کی شریانوں سے متعلق بیماریاں (Cardiovascular Diseases) اموات کی سب سے بڑی وجوہات میں شامل ہیں، اس لیے اس کی کمی پر قابو پا کر ان بیماریوں کے بوجھ میں نمایاں حد تک کمی لائی جا سکتی ہے۔
تحقیق میں یہ بھی بتایا گیا کہ اگرچہ اس وٹامن کی شدید کمی نسبتاً کم افراد میں دیکھی جاتی ہے، تاہم معتدل کمی بہت عام ہے، جس پر بروقت توجہ دینا ضروری ہے، خصوصاً ایسے افراد کے لیے جو زیادہ تر وقت گھروں یا دفاتر میں گزارتے ہیں اور سورج کی روشنی میں کم نکلتے ہیں۔
محققین کے مطابق مچھلی، انڈوں اور وٹامن ڈی سے بھرپور (فورٹیفائیڈ) غذاؤں اور مشروبات سے بھی حاصل کیا جا سکتا ہے، لیکن صرف غذا کے ذریعے اس وٹامن کی مطلوبہ مقدار پوری کرنا اکثر ممکن نہیں ہوتا۔
ماہرین نے زور دیا کہ سورج کی روشنی وٹامن ڈی حاصل کرنے کا سب سے آسان، مؤثر اور مفت ذریعہ ہے۔ ان کے مطابق اگر کسی وجہ سے دھوپ میں مناسب وقت گزارنا ممکن نہ ہو تو ڈاکٹر کے مشورے سے روزانہ وٹامن ڈی سپلیمنٹ کا استعمال کیا جا سکتا ہے تاکہ ہڈیوں کے ساتھ ساتھ دل کی صحت کو بھی بہتر رکھا جا سکے۔



