اسلام آباد : وزیراعظم شہباز شریف عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) سے اہم ریلیف حاصل کرنے میں کامیاب ہوگئے۔
اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم نے آئی ایم ایف کی منیجنگ ڈائریکٹر کو عوامی مسائل اور معاشی مشکلات سے آگاہ کرتے ہوئے مختلف شعبوں میں نرمی پر آمادہ کرلیا۔
ذرائع کے مطابق آئی ایم ایف تنخواہ دار طبقے کے لیے ریلیف دینے پر آمادہ ہوگیا ہے جبکہ وزیراعظم شہباز شریف تنخواہ دار طبقے کے لیے 60 ارب روپے کا ریلیف حاصل کرنے میں کامیاب رہے۔
ذرائع کے مطابق آئی ایم ایف بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے تحت دیے جانے والے وظیفے میں اضافے پر بھی آمادہ ہوگیا ہے، جس سے مستحق خاندانوں کو مزید سہولت ملنے کا امکان ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ آئی ایم ایف نے سولر پینلز اور اسٹیشنری پر 18 فیصد سیلز ٹیکس عائد کرنے کا دباؤ بھی واپس لے لیا ہے۔
حکومت کی درخواست پر سولر پینلز پر 18 فیصد سیلز ٹیکس نافذ نہ کرنے کی تجویز زیر غور ہے جبکہ آئندہ بجٹ میں سولر پینلز پر سیلز ٹیکس 10 فیصد برقرار رہنے کا امکان ظاہر کیا جارہا ہے۔
اسی طرح وزیراعظم شہباز شریف طلبہ اور والدین کے لیے بھی ریلیف حاصل کرنے میں کامیاب رہے، ذرائع کے مطابق اسٹیشنری پر مجوزہ 18 فیصد سیلز ٹیکس عائد نہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ اسٹاک مارکیٹ اور تمباکو مصنوعات پر ٹیکسز میں کسی بڑی تبدیلی کا امکان نہیں ہے۔



